غیر ملکی کمپنیوں نے2ارب 32کروڑ ڈالر کا منافع پاکستان سے منتقل کیا ، سٹیٹ بینک
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں کاروبار کرنے والی غیرملکی کمپنیوں نے مالی سال 2017-18 کے دوران 2ارب 32کروڑ ڈالر کا منافع پاکستان سے باہر منتقل کیا ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل شدہ منافع کی منتقلی مالی سال 2016-17 کے مقابلے میں 21 کروڑ ڈالر زائد رہی۔ مالی سال 2016-17کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے 2ارب 11کروڑ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا تھا۔اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2017-18کے دوران براہ راست سرمایہ کاری سے حاصل شدہ 2ارب 88کروڑ ڈالر جبکہ غیرملکی نجی سرمایہ کاری سے حاصل کردہ 31کروڑ 35لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا۔ مالی سال 2016-17 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے ایک ارب 73کروڑ 55لاکھ ڈالر جبکہ نجی سرمایہ کاری سے 37کروڑ 44لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا تھا۔ مالی سال 2017-18 کے دوران سب سے زیادہ 33 کروڑ ڈالر کا منافع کمیونیکیشن سیکٹر سے منتقل کیا گیا۔ جس میں ٹیلی کام سیکٹر سے بھیجے گئے منافع کی مالیت 32کروڑ 78لاکھ ڈالر رہی۔فنانشل بزنس منافع کی منتقلی کے لحاظ سے دوسرا بڑا شعبہ ثابت ہوا جس سے 31کروڑ 44لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا، تیل و گیس کی تلاش کے شعبہ سے 25کروڑ 96لاکھ ڈالر ، پاور سیکٹر سے 24کروڑ ڈالر جبکہ فوڈ سیکٹر سے 21کروڑ 51لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ کیمکلز سیکٹر سے 13کروڑ 64لاکھ ڈالر، ٹرانسپورٹ اور آٹو موبائلز سیکٹر سے 12کروڑ 36لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا۔