قصور میں ڈاکو راج سے شہری غیر محفوظ ، پولیس وارداتیں روکنے میں ناکام

قصور میں ڈاکو راج سے شہری غیر محفوظ ، پولیس وارداتیں روکنے میں ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

قصور(بیورورپورٹ)قصور میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کو کنٹرول کرنے میں پولیس بری طرح ناکام ہو گئی ہے جس سے ضلع بھر میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔ حسب معمول ڈکیتی اور چوری کی نصف درجن سے زائد وارداتوں میں ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے چھین لیے۔مزاحمت کرنے پر دو مختلف واقعات میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دو افراد کو شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کا رہائشی محمدفیضان قصور میں ملک فوڈ نجی کمپنی کا سیل مین ہے وہ پک اپ پر مال فروخت اور ریکوری کرکے آرہا تھا کہ جب وہ پولیس تھانہ کھڈیاں کے علاقہ دیپالپور روڈ عسکری پٹرول پمپ کے نزدیک پہنچا تو نامعلوم ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک کر 50ہزار روپیہ نقدی چھین لیا۔مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے سیل مین محمدفیضان کو زخمی کر دیا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ اسی طرح بھیڑ سوہڈیاں کے رہائشی نثار احمد نے پولیس کو بتایا کہ میرا بھائی افتخار اپنے دوست مختار احمد کے ہمراہ موٹرسائیکل پر بھیڑ سوہڈیاں سے الہ آباد آرہے تھے کہ جب وہ پولیس تھانہ الہ آباد کے علاقہ داؤ کے کلاں رقبہ بہادر کے نزدیک پہنچے تو دو نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر روک کر نقدی وغیرہ چھین لی۔مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے مختیاراحمد کو فائر مارکرزخمی کر دیا۔جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔اسی طرح نجی کمپنی کا سیل مین نیاز احمد موٹرسائیکل پر قصور سے رائے ونڈ کی جانب جا رہا تھا کہ جب وہ رائے ونڈ روڈ گولڈن نرسری کے نزدیک پہنچا تو نامعلوم ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک کر تین لاکھ روپیہ نقدی چھین کرفرار ہوگئے۔ راجہ جنگ کے نواحی گاؤں شیخ والا کے نزدیک جانے والے موٹرسائیکل سواروں ابرار ار بلال کو نامعلوم ڈاکوؤں نے روک کر ہزاروں روپے نقدی چھین لی۔ اکبر علی نے تھانہ صدر قصور کو درخواست دی ہے کہ دو روز قبل میں موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ جب میں قادی ونڈ روڈ لوہاراں والا بھٹہ کے نزدیک پہنچا تو نامعلوم ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک کر بارہ ہزار روپیہ نقدی چھین لیا جبکہ ہیڈ بلوکی محمدعمران مچھلی فروش کی دوکان کے تالے توڑ نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کی3-1/2من مچھلی جنریٹر اور کمرشل سلنڈر چوری کرکے لے گئے ۔گذشتہ ایک ہفتہ سے ضلع قصورمیں ہونے والی 50سے زائد ڈکیتیوں میں لاکھوں روپے چھیننے کے علاوہ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے واقعات سے ضلع بھر کے عوام پریشان اور خوف میں مبتلا ہیں۔ہونے والی ڈکیتیوں کے ملزمان کوگرفتار کرنے میں قصور پولیس بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ کے فقدان نے ڈکیتیوں میں اضافہ اور جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند کیے ہیں ۔قصور کی عوامی ،سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے آئی جی پنجاب پولیس، ڈی آئی جی شیخوپورہ رینج،اور ڈی پی او قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس گشت کے نظام کو موثر بنایا جائے ۔پولیس ناکوں پر فرض شناس افسران کو تعینات کیا جائے۔پولیس ناکوں اور دوران گشت مشکوک افراد کو پکڑنے کی آڑ میں شریف شہریوں کی تذلیل سے گریز کیا جائے تاکہ آئی جی پنجاب کی واضع ہدایت کے مطابق روائتی پولیس کلچر کو پروان نہ چڑھایا جائے۔
ڈاکو راج

مزید :

صفحہ آخر -