صوبائی دارالحکومت، گردونواح میں گیس چور ی، کمپنی کو کروڑوں کا خسارہ
لاہور( خبرنگار) صوبائی دارالحکومت سمیت گردونواح میں گیس چور مافیا سرگرم، گزشتہ سات ماہ کے دوران سب سے زیادہ کارخانوں اور فیکٹریوں میں گیس چوری کا انکشاف ہواہے جس سے گیس کمپنی کے لائن لاسز میں ایک فیصد اضافہ ہونا ظاہر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوئی گیس کمپنی کی گیس چوری کے خلاف کارروائی گھروں، تندوروں اور بیکریوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے جس کے باعث کارخانوں اور فیکٹریوں میں گیس چوری کا رجحان بڑھا ہے۔ گیس کمپنی کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق لاہور ریجن کے علاقے لاہور، قصور اوربھائی پھیرو جبکہ شیخوپورہ ریجن میں شیخوپورہ، ننکانہ سمیت فیروزوالہ میں ڈائریکٹ بائی پاس اور سپلائی لائنوں کو کٹ لگا کر گیس پریشر کو بڑھانے کی شکایات نے زور پکڑے رکھا ہے جس سے گیس کمپنی کے لائن لاسز کنٹرول میں رہنے کے بجائے ایک فیصد بڑھنے کا ذکر کیا گیا ہے جس کے باعث گیس کمپنی کو کروڑوں کے خسارہ کا بھی سامنا بڑھ رہا ہے جبکہ اس حوالے سے سوئی گیس کمپنی کے افسران کا کہنا ہے کہ لاہور ریجن میں جعلی نیٹ ورک کی شکایات زیادہ پائی گئی ہیں۔ فیکٹریوں اورکارخانوں میں گیس چوری کنٹرول میں رہی ہے۔ اس حوالے سے جی ایم سوئی گیس قیصر مسعود کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران گیس چوری کے خلاف 300 سے زائد چھاپے مارے گئے ہیں جن میں گیس چوروں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے گئے ہیں۔
گیس چوری