گھریلو حالات سے تنگ4خواتین کی خودکشی حادثات بچی سمیت 5افراد جاں بحق
ملتان‘ دائرہ دین پناہ‘ وہاڑی‘ ساہوکا‘ شاہ جمال‘ مظفر گڑھ‘ محسن وال (وقائع نگار‘ نمائندگان) ملتان سمیت مختلف علاقوں میں(بقیہ نمبر45صفحہ7پر )
حادثات کے باعث 5افراد جاں بحق‘ چار خواتین نے خودکشی کرلی‘ نشئی نے مکان نہ بیچنے پر بیوی کو مار ڈالا۔ ملتان سے وقائع نگار کے مطابق گھریلوحالات سے دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھی زہریلی گولیاں کھانے والی خاتون نشترہسپتال میں دم توڑ گئی چوک سرور شہید کی رہائشی 20سالہ رخسانہ نے گھریلو حالات سے تنگ آکر گندم میں رکھی ہوئی زہریلی گولیاں کھا لیں، حالت غیر ہونے پر نشتر ہسپتال داخل کروادیا گیا جہاں وہ گزشتہ روز دم توڑ گئی، کینٹ چوکی پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ہے ۔ دریں اثناء مظفر آباد کے علاقے شیر شاہ نہر سے 40سالہ نامعلوم خاتون کی لاش ملی ہے جس کو مقامی پولیس نے قبضہ میں لے لیا پولیس کے مطابق جسم پر تشدد کے نشانات نہیں تھے۔ پولیس نے مزید ضروری قانونی کارروائی کے بعد نشترہسپتال برائے شناخت نشتر سردخانے رکھوادی ہے۔ ادھرگھریلو حالات سے تنگ آکر 4بچوں کی ماں نے خودکشی کی کوشش کی معلوم ہواہے کہ تھانہ صدر کے علاقے کی رہائشی 50سالہ زینب بی بی نے گھریلوحالات سے دلبرداشتہ ہوکر کالا پتھر پی لیا، جسکو تشویشناک حالت میں نشترہسپتال داخل کروادیا گیا جہاں اسکو طبی امداد دی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں 18سالہ لڑکی کی گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہوکر بلیچنگ پی کرخودکشی کی کوشش کرڈالی ہے۔ جبکہ ٹریفک کے مختلف حادثات میں 13افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122کے ذرائع کے مطابق اڈا نواب پور کے علاقے کی رہائشی 17سالہ رانوبی بی نے گزشتہ روز گھر یلوجھگڑوں سے تنگ آکر بلیچنگ پی لیا، حالت غیر ہونے پر نشترہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسکی حالت خطرے میں بتائی جارہی ہے جبکہ ٹریفک کے مختلف حادثات میں شعبان، طارق، صغیر، تنویر، سجاد، اسحاق، صادق، سلمان، نوید، ظفر، وسیم، شکیل، رجب زخمی ہوئے جن کو ریسکیو 1122نے طبی امداد دینے کے بعد نشترہسپتال داخل کروادیا گیا ہے۔دائرہ دین پناہ سے نامہ نگار کے مطابق دائرہ دین پناہ چاہ کھجی والاکے قریب رہائش پذیرخانہ بدوش کی6سالہ بچی تالاب میں گرکرجاں بحق۔تفصیل کے مطابق دائرہ دین پناہ کے نزدیک چاہ کھجی والاپررہائش پذیرخانہ بدوش عبداللطیف فقیرکی6سالہ بچی سونیا جھونپڑی کے باہرکھیل رہی تھی کہ اچانک تالاب میں گرکرجاں بحق ہوگئی۔2گھنٹے بعدورثاء نے اپنی مددآپ کے تحت نعش برآمدکرلی جسے نمازجنازہ کے بعدقبرستان شاہ یعقوب میں سپردخاک کردیاگیا۔ وہاڑی سے بیورورپورٹ‘ نمائندہ خصوصی کے مطابق جامعہ خالد بن ولید کا طالب علم وضو کرتے ہوئے ٹھینگی کینال میں گر کر جاں بحق ،نعش کی تلاش کے لئے ریسلیو آپریشن جاری،تفصیل کے مطابق چشتیاں کا رہائشی 23سالہ عدیل جامعہ خالد بن ولید کا طالب علم تھا نہر پر وضو کرنے کے لئے نیچے اترا تو پھسل کر نہر میں جا گرا ،اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے نہر پر پہنچ کر آپریشن شروع کر دیا تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود نعش نہ مل سکی۔ساہوکا سے نمائندہ پاکستان کے مطابق نشہ کے عادی شخص نے مکان نہ بیچنے پراپنی بیوی کو قتل کر دیا خاتون کے بھائی کی درخواست پر 3نامزد 1نامعلوم شخص کے خلا ف مقدمہ درج ڈی ایس پی بوریوالا حافظ خضر زمان کی سربراہی میں ساہوکاپولیس نے خاتون کے قاتل ممتاز کھرل کو گرفتار کر لیا ۔تفصیل کے مطابق ساہوکا کے نواحی علاقہ دیوان صاحب نزد دماغی ہسپتال کھیتوں میں گھاس کاٹتی خاتون اجمل بی بی کو اس کے خاوند ممتازولد ریاض کھرل نے بصاراولد محمد خاں ،شیماں بی بی ایک کس نامعلوم شخص کے ہمراہ سر میں درانتی کے وار کر کے قتل کر دیا‘ ممتاز جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ نشہ کا عادی تھا اس سے قبل بھی آپس میں ان کا لڑائی جھگڑا رہتا تھا گزشتہ کئی روز سے مکان بیچ کر رقم دینے کیلئے اپنی بیوی کو مجبور کر رہا تھا ساہوکا پولیس نے مقتولہ اجمل بی بی کے بھائی علی عثمان ولد اﷲ دتہ سکنہ موضع مراد علی کی درخواست پر تین نامزد اور1نامعلوم شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ڈی ایس پی بوریوالا حافظ خضر زمان کی سربراہی میں ساہوکاپولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں ریڈ کر کے خاتون کے قاتل اس کے خاوند ممتاز ولد ریاض کو گرفتار کر لیا ہے ۔ شاہ جمال سے نمائندہ پاکستان کے مطابق نوجوان پھندے سے جھول گیا،خاتون نے کالا پتھر پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ‘پانچ مزید افراد زہر خورانی کے باعث موت و حیات کی کشمکش میں۔موضع کالن شاہ کے چاہ بوہرے والا کا رہائشی انصر شاہ ولد اللہ بچایا شاہ نے درخت سے پھندا لیکر خود کشی کر لی۔ ورثاء کے مطابق متوفی کی عمر26 سال جبکہ وہ نشئی اور ذہنی مریض تھا تاہم دیگر ذرائع کے مطابق ایک سال قبل اسی روز اسکی بیوی جاں بحق ہو گئی تھی جس سے وہ دلبرداشتہ تھا‘ اسی طرح عثمان کوریہ کی شمع بی بی نے کالا پتھر پی لیا جسے تشویشناک حالت میں رورل ہیلتھ سنٹر شاہ جمال لایا گیا جہاں سے اسے نشترریفر کر دیا گیا جہاں وہ موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملی،اسی طرح شازیہ زوجہ شوکت،رضوانہ زوجہ اجمل،چبھ کپور کے ذیشان اکبر نے زہر پی لیا ‘اسی طرح پل کھروڑا کی نسیم زوجہ غلام عباس،بستی یارو والا کی سمیرا زوجہ عبدالمجید نے کالا پتھر پی لیا جنہیں تشویش ناک حالت کے باعث نشتر ریفر کر دیا گیا ہے جہاں وہ مو ت و حیات کی کشمکش میں بتائے جا تے ہیں ۔ مظفرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق تیز رفتار مزدہ اور اے سی بس کے درمیان تصادم‘ ایک شخص جاں بحق‘ 20 مسافر زخمی‘ بدھ کے روز انڈس ہسپتال مظفرگڑھ کے قریب ڈیرہ غازی خان روڈ پر کوئٹہ سے لاہور جانے والی بس سامنے سے آنے والے آلوؤں سے لوڈ مزدہ ٹرک سے جاٹکرائی جس کے نتیجہ میں مزدہ کا ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 20 مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ 5 زخمیوں کو حالت نازک ہونے پر نشتر ہسپتال ملتان بھجوایا گیا۔ محسن وال سے نمائندہ پاکستان کے مطابق 2 ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق،4شدیدزخمی،ریسکیو 1122نے زخمیوں کو ہستپال منتقل کردیا،تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی حدود شریف کاٹن فیکٹری کے قریب مزدا ٹرک اورواٹر ٹینکر میں خوفناک تصادم ہوا جسکے نتیجہ میں مزدا ٹرک ڈرائیور مظہر حسین ولد محمد رمضان سکنہ کھولال مخدوم پور موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ مختار ولد فلک شیر شدید زخمی ہوگیا،دوسرے ٹریفک حادثہ میں گاؤں113پندرہ ایل کے قریب رکشہ اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجہ میں رکشہ پر سوار تین افرادمحمد ارشد،اشفاق اور سیف المکوک شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی ٹانگ اور دوسرے کا پاؤں کٹ گیا،ریسکیو 1122نے تمام زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔ ساہوکا سے نمائندہ پاکستان کے مطابق موٹر سائیکل کے پیچھے باندھی ریڑی سے ٹکرا کر سامنے سے آنے والا موٹر سائیکل سوار منظوراحمد جاں بحق ورثہ کا کاروائی سے انکار ۔تفصیل کے مطابق محمد یوسف ولد حاکم علی سکنہ 33کے بی موٹر سائیکل کے پیچھے ریڑی پر سامان لیکر جملیرا کی جانب جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والا موٹر سائیکل سوار منظور احمدولد کمیر سکنہ 33 کے بی پتا نہ چلنے پر موٹر سائیکل ریڑی سے ٹکرا گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا منظور احمد کے ورثہ نے کاروائی سے انکارکر دیا ہے ۔
قتل‘ حادثات