ریلوے کا 14 اگست پر آزادی ٹرین نہ چلانے کا فیصلہ
کراچی(این این آئی)پاکستان ریلوے نے رواں برس یوم آزادی پر آزادی ٹرین نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان ریلوے نجم ولی خان نے بھی آزادی ٹرین نہ چلانے کی تصدیق کی ہے، اس فیصلے کی وجہ ادارے کو درپیش مالی بحران بتایا جا رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مالی بحران کے پیش نظر محکمہ ریلوے نے 14 اگست کو آزادی ٹرین نہ چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزارت ریلوے نے یہ فیصلہ محکمہ داخلہ کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں کیا۔سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے دور میں 4سال جشن آزادی کے موقع پر خصوصی ٹرین چلائی گئی تھی جبکہ اس بار ریلوے کو مالی بحران کا سامنا ہونے کی وجہ سے ٹرین نہیں چلائی جا رہی۔ہر سال آزادی ٹرین پشاور سے سفر کا آغاز کر کے ملک بھر میں 50 اسٹیشنوں پر رکتی تھی، آزادی ٹرین چاروں صوبوں کے ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتی تھی اور لوک گلوکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے تھے تاہم اس مرتبہ عوام اس تفریح سے محروم رہیں گے۔
آزادی ٹرین