میری ٹائم اکانومی کے فروغ میں بزنس کمیونٹی ک کردار اہم ہے :نیول چیف
کراچی(اکنامک رپورٹر) سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ سی پیک کی افادیت سے متعلق شبہات نہیں ہونے چاہییں، میری ٹائم اکانومی کے ترقی کے بزنس کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، بحریہ یونیورسٹی کو میری ٹائم یونیورسٹی بنایا جائے گا، نئے شپ یارڈز کے قیام کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے منصوبوں پر کام کیا جائے۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقعے پر کاٹی کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، سابق صدور فرحان الرحمن، راشد صدیقی، فرخ مظہر، جوہر قندھاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل زیڈ ایم عباسی کی کاٹی آمد کے موقعے پر کاٹی کے صدر طارق ملک نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں کورنگی صنعتی علاقے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ طارق ملک نے کہا کہ بزنس کمیونٹی افواج پاکستان پر فخر کرتی ہے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت اور سمندری تجارت سے متعلق بھی مختلف تفصیلات اور تجاویز سے معزز مہمان کو آگاہ کیا۔ بعدازاں کاٹی سے خطاب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل زیڈ ایم عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی داخلی سلامتی اور دفاع مستحکم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم اکانومی پر توجہ کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں بزنس کمیونٹی کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کمانڈ وژن کے تین ستونوں میں میری ٹائم اکانومی کا فروغ شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکران ریجن میں تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت متوقع ہے، اس سلسلے میں چینی ماہرین جلد اس علاقے کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے متعلق شکوک شبہات پھیلانے کی کوششیں کی گئیں لیکن پوری قوم اس بات پر یکسو ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل کا ضامن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مبصرین یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ گوادر مستقبل میں دنیا کے اہم ترین تجارتی مراکز میں سر فہرست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری تجارت اور سمندر میں پائے جانے والے قدرتی وسائل سے متعلق تحقیقی سرگرمیوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے، اس ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے بحریہ یونیورسٹی کو میری ٹائم یونیورسٹی میں تبدیلی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری ٹائم کے شعبے میں اپلائڈ ریسرچ کے لیے کراچی میں میری ٹام ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا قیام بھی کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شپ بریکنگ کی صنعت میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، نئے شپ بریکنگ یارڈز کے قیام کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے منصوبے زیر غور ہیں ، جس میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے لیے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی حالات مسلسل بہتری کی جانب گام زن ہیں اور گزشتہ دس برسوں میں جمہوریت کے تسلسل سے ملکی استحکام میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان سے متعلق منفی تاثر قائم کرنے کی تمام کاوشیں بے بنیاد باتوں پر مبنی ہیں، پاکستانی عوام اور افواج میں باہمی اعتماد کا رشتہ لازوال ہے۔ اس موقعے پر سربراہ پاک بحریہ کے ہمراہ پاکستان نیوی کے سنیئر افسران بھی موجود تھے۔