کراچی ،رینجرز کارروائیاں ،9ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 9ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد ہوئی ہے گرفتار ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق رینجرز سندھ نے شریف آباد، اتحاد ٹاؤن، ماڈل کالونی، بلال کالونی اور شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 9ملزمان کو گرفتار کرلیا، شریف آباد، اتحاد ٹاؤن، ماڈل کالونی اور شاہ لطیف ٹاؤن سے 5 ملزمان توفیق عرف جابو، نعیم جاوید، محمد ذیشان اعظم، امام بخش عرف بخشو اور آصف علی کو گرفتار کیاگیا۔گرفتار ملزمان ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔بلال کالونی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان وقاص عرف وکی، مرزا ذوہیب بیگ عرف منا، عبید اللہ عرف عبید اور ریاض عرف شونی کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد ہوئی ہے گرفتار ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔