کراچی ،تحریک انصاف کے وفد کی ایم ڈی واٹربورڈ سے ملاقات

کراچی ،تحریک انصاف کے وفد کی ایم ڈی واٹربورڈ سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی کی سربراہی میں پی ٹی آئی کراچی کے وفد نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات کی اور ان سے پانی کے مسائل پر بات چیت کی۔ وفد میں نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی راجہ اظہر، ڈاکٹر عمران شاہ، ریاض حیدر، سدرہ عمران، ڈاکٹر سنجے، ادیبہ عارف حسن، ربستان خان، ملک شہزاد اعوان، عمر عماری، عدیل احمد، شاہنواز جدون اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے کراچی میں پانی کی قلت کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے پانی کے مسائل پر پی ٹی آئی کراچی کے وفد کو بریفنگ دی۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کی قلت بڑھتی جا رہی ہے، واٹر بورڈ کو اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔شہر میں پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔واٹر بورڈ کو پانی کی قلت دور کرنے کے لیے پانی کے بے جا ضیاع کو روکنا ہوگا۔ مختلف جگہوں پر واٹر بورڈ کی فراہمی آب کی لائنز کو چیک کرکے حسب ضرورت مرمت کی جائے۔ عوام الناس پانی کی کمی سے سخت پریشان ہیں ، واٹر بورڈ عوام کی پریشانی دور کرے۔ کراچی میں صاف پانی کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی اوّلین ترجیح ہے۔ شہر کراچی نے انتخابات میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے۔ اس لیے چیئرمین عمران خان کا حکم ہے کہ کراچی کے بنیادی مسائل کا حل ہنگامی بنیادوں پر تلاش کیا جائے۔