نتائج پر تحفظات کے باوجود جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں،اسد اللہ بھٹو

نتائج پر تحفظات کے باوجود جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں،اسد اللہ بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان و سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ لوٹی ہوئی قومی دولت اور بیرون ملک موجود اثاثہ جات واپس لانے میں حکومت کامیاب ہوگئی تو ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ انتخابی نتائج پر تمام ترتحفظات کے باوجود، جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں۔ "آپریشن ردوبدل" پر تمام اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے حالیہ ریمارکس سے الیکشن کمیشن کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فقیرا گوٹھ،لاسی گوٹھ اوردلدارگوٹھ احسن آباد میں معززین و اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انتخابات میں بھرپورتعاون پرشکریہ اورآئندہ بھی ساتھ چلنے پر اتفاق کیا۔ قیم زون گجروامین اشعر مقامی ذمہ داران راجہ عبدالعزیز، عبداللہ ہادی محمد، امداد بنگلانی، عبدالستار برفت بھی موجود تھے۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن عوامی مینڈیٹ کی حفاظت میں ناکام ثابت ہوا ہے جس کا حساب انہیں قوم کو دینا ہوگا، دھاندلی زدہ انتخابات کے خلاف پرامن احتجاج اپوزیشن کا آئینی وجمہوری حق ہے۔این اے131لاہور پردوبارہ گنتی کو رکوانے کے لیے درخواست عمران خان کے قول وفعل میں کھلے تضاد کی نشاندہی کرتی ہے۔جماعت اسلامی صرف نواز شریف ہی نہیں بلکہ تمام کرپٹ لوگوں کا کڑا اور بلا تفریق احتساب چاہتی ہے جو کہ اقتدارکے مزے یہاں لیتے ہیں مگر اثاثہ جات اور سرمایہ کاری بیرون ملک کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو پاکستان میں کسی بھی منصب کیلئے نا اہل قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نظریہ پاکستان اور ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ منکرین ختم نبوت کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر منبر و محراب کے ذریعے ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔