خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،13 فوڈ پوائنٹس سیل

خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،13 فوڈ پوائنٹس سیل

پشاور (سٹی رپورٹر): خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ روزکو صوبہ بھر میں مختلف کاروائیوں کے دوران تیرہ فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ورزی پر سیل کردیا۔ ادارے کے ترجمان عطااللہ خان کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں مختلف ٹیموں نے کاروائیاں عمل میں لائیں جس میں مردان ٹیم نے چارسدہ روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے دو بیکریوں کو نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال پر سیل کردیا جبکہ ایک ٹک شاپ سمیت میروائس سبزی منڈی میں چار جنرل سٹورز کو زائدالمیعاد اشیا کی فروخت پر سیل کردیا گیا۔دوسری جانب ڈی آئی خان میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تین بیکرز، جنرل سٹور اور ہوٹل سمیت پانچ فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کی اصولوں کی خلاف ورزی پر سیل کردیا۔ بیکریوں میں ٹیکسٹائل کلر استعمال کیا جاتا تھا جبکہ ہوٹل میں صفائی کی ابتر صورتحال پائی گئی جبکہ سو کلو تک کی مضر صحت بیکری بھی کاروائی کے دوران تلف کی گئی۔ ادھر بنوں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں طلبا کی باربار شکایات پر یونیورسٹی کینٹین میں کاروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران کینٹین کو سیل کردیا گیا۔ کینٹین میں زائدالمیعاد اشیا کی فروخت سمیت صفائی کی ابتر صورتحال پائی گئی۔ادھر مینگورہ بازار میں بھی مختلف انسپکشن کے دوران دو بیکریوں کو ناقص صفائی اور فوڈ سٹینڈرڈز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا۔ ترجمان کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی کاروائیوں کو عوام نے سراہا ہے اور سوشل میڈیا پر آنے والے فیڈ بیک میں آئندہ کیلئے کاروائیوں کی نشاندہی بھی ہورہی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر