پشاور میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن ،سمگلر گاڑی سمیت گرفتار

پشاور میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن ،سمگلر گاڑی سمیت گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(کرائمز رپورٹر ) کیپٹل سٹی پولیس پشاورنے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے منشیات سمگلرکو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔ گاڑی کے خفیہ خانوں سے ہیروئن کی بھاری کھیپ بر آمدکرکے ملزم کو حوالات منتقل کردیا۔ سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور منشیات سمگلروں کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔جس کے دوران ضلع بھر سے گزشتہ چند یوم کے دوران متعدد منشیات فروشوں اور منشیات سمگلروں کو گرفتار کرکے بھار ی مقدار میں چرس ، ہیروئن اور لاکھوں روپے مالیت کی آئس بھی بر آمد کر لی گئی ہے۔اسی طرح منشیات فروشوں اور منشیات سمگلروں کے خلاف جاری مہم میں مزید کامیابیاں سمیٹنے کی خاطر ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق نے سٹی ڈویژن بھر میں مخبروں اور سفید پارچات میں پولیس اہلکاروں کا جال بچھایا تاکہ منشیات فروشوں اور منشیات سمگلروں کے بارے میں مصدقہ معلومات حاصل کرکے ان کے خلاف پرزور کارروائیاں کرکے منشیات کا قلع قمع کیا جا سکے۔گزشتہ روز ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ کچھ ناعاقبت اندیش منشیات سمگلر ضلع خیبر سے کسی بھی وقت بھاری مقدار میں منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کریں گے۔اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق نے سٹی ڈویژن پولیس کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے شہر کے اطراف میں خصوصی ناکہ بندیوں کا اہتما م کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی ایس پی سبرب فضل واحد خان، ایس ایچ او بھانہ ماڑی اعجاز نبی اور اے ایس آئی حامد خان بمعہ دیگر نفری پولیس بھی ایس پی سٹی کی خصوصی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے رنگ روڈPAFناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک موٹر کار نمبر LEE-3901 کو مشکوک جانتے ہوئے روک کر تلاشی لینے پر موٹر کار کے خفیہ خانوں سے 10 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزم نوید خان ولد فرید خان سکنہ شاہ کس جمرود ضلع خیبر کو گرفتار کر لیا۔ملزم کے خلاف حسب ضابطہ مقدمہ درج کرکے حوالات منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزم نے سرسری انٹاروگیشن کے دوران منشیات سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں سنسنی انکشافات کی توقع کی جارہی ہے ۔