حلقے کھولناہمارااختیارنہیں،جس کسی سے بھی زیادتی ہوئی ہے احتجاج،قانونی چارہ جوئی اس کا حق ہے:نعیم الحق
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آ ن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ جس حلقے میں جس کسی سے بھی زیادتی ہوئی ہے احتجاج،قانونی چارہ جوئی اس کا حق ہے،حلقے کھولناہمارااختیارنہیں،جہاں بھی دھاندلی کی شکایات ہیں تحقیقات میں تعاون کرینگے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پانچ حلقوں میں سے صرف تین کے نوٹیفکیشن پہنچے ہیں،الیکشن کمیشن سے اپیل کرتاہوں کہ جلد از جلد نوٹیفکیشن کا معاملہ حل کرے،ہم بھی کوشش کررہے ہیں کہ جلد از جلد وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کی تاریخ طے ہو،کوشش ہے کہ عمران خان جلد حلف اٹھا کر نئے پاکستان کے لیے کام شروع کریں،صدر مملکت سے بھی اپیل ہے 16اگست کودورہ ملتوی کریں تاکہ عمران خان حلف اٹھا سکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے ایوان صدر کو سمری ارسال کر دی ہے اور قومی اسمبلی کے پہلے سیشن میں اراکین حلف اٹھائیں گے جس میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا،وزیرقانون صدر مملکت سے ملاقات کے لئے گئے ہیں آج شام تک صورتحال واضح ہوجائیگی۔ نعیم الحق کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مکمل طورپروفاق، پنجاب،کے پی میں حکومت بنانے کیلئے تیارہے اور جس حلقے میں جس کسی سے بھی زیادتی ہوئی ہے احتجاج،قانونی چارہ جوئی اس کا حق ہے۔عمران خان نے اعلان کیا ہے جہاں بھی دھاندلی کی شکایات ہیں تحقیقات میں تعاون کرینگے، حلقے کھولناہمارااختیارنہیں،سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کرانتخابی اصلاحات مزیدبہتربنائیں گے۔