جنوبی افریقی کھلاڑی ڈیل سٹین کا ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے،ٹی 20سے ریٹائرمنٹ کا عندیا
کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن)سٹار جنوبی افریقن فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین نے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیا دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈیل سٹین نے کہا کہ انگلینڈ میں شیڈول 2019 ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا، مجھے پوری امید ہے کہ میرا تجربہ ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ بنانے کیلئے مدد گار ثابت ہو گا لیکن میگا ٹورنامنٹ کے بعد میں نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا ارادہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ پسند کرتا ہوں جب تک ممکن ہوا میں پانچ روزہ کرکٹ کھیلنا جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وکٹیں نہ لینے پر مایوسی ہوئی لیکن مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں سو فیصد فٹ ہو گیا ہوں، آئی لینڈرز کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کروں گا۔