انتخابی نتائج سے مایوسی ہوئی،مذہبی جماعتوں کے ووٹ کی تقسیم کے لئے شدت پسندگروہ پیدا کئے گئے:پیر اعجاز ہاشمی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیراعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج سے مایوسی ہوئی، انتہاپسندی اورنفرت کی سوچ کو رواج دینے کے لئے نئے شدت پسند مذہبی گروہ پیدا کئے گئے تاکہ مذہبی جماعتوں کے ووٹ بینک کو تقسیم کیا جاسکےاور مخصوص جماعت کو جتوایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو پی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیراعجاز احمد ہاشمی نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ان گروپوں کے پیچھے کون ہیں؟ انہی خفیہ ہاتھوں نے باقی فرقوں کی نمائندہ جماعتوں کو بھی جذباتی نعروں پر تقسیم کیا، انتخابات میں تو خفیہ عناصر نے اپنے مقاصد حاصل کرلئے مگر ان استعمال ہونے والوں کو بھی دیا کچھ بھی نہیں،ہم واضح کرتے ہیں کہ ایسے گروہوں کی سرپرستی کرنے والے اتحاد امت کی بات کرنے والوں کو نہ صرف دیوار سے لگارہے ہیں بلکہ ملکی سلامتی سے بھی کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضیاالحق کے مارشل لا کے دوران پیدا کئے گئے انتہا پسندفرقہ وارانہ جتھوں کی تباہ کاریوں کا قوم ابھی تک خمیازہ بھگت رہی ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ متحدہ مجلس عمل امت واحدہ کی نمائندہ جماعتوں کا اتحاد ہے،جس میں تمام مکاتب فکر نے اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، ہم خبردار کرتے ہیں کہ شرپسند گروہوں کی سرپرستی ملکی سلامتی کے لئے زہر قاتل ہوگی، ملکی ادارے اس طرف توجہ دیں۔ پیراعجاز احمد ہاشمی کا کہنا تھا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے، نفرت نہیں پھیلاتا،علما انتہا پسندانہ سوچ کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،نظام مصطفی ﷺ ہی ملکی مسائل کا حل ہے،جس کے نفاذ کا راستہ بندوق اور تکفیری فتوے نہیں، ووٹ اور جمہوری عمل ہے۔ اجلاس میں شاہ اویس نورانی،علامہ نور احمد سیال، فیاض خان، پیر محفوظ مشہدی، مولانا محمد خان لغاری،ڈاکٹر جاوید اختر اور دیگر نے شرکت کی اور انتخابات میں دھاندلی کا جائزہ لیا گیا۔