فیس بڑھانے پر غیر ملکی سکولوں کیخلاف کارروائی کا انتباہ
جده (محمد اکرم اسد) سعودی وزارت تعلیم کے ترجمان مبارک العصیمی نے خبردارکیا ہے کہ جو نجی سکول یا غیر ملکی سکول فیسیں بڑھائے گا یا سکول اشیاءپر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کریگا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ العصیمی نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر والدین سے کہا کہ وہ 19996 پر رابطہ کرکے ایسے کسی بھی غیر ملکی یا نجی سکول کے خلاف رپورٹ کرسکتے ہیں جوفیس اور سکول اشیاءکی بابت مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہو۔ العصیمی نے یقین دلایا کہ وزارت تعلیم خلاف ورزیوں پر کسی بھی سکول کے ساتھ رعایت نہیں برتے گی۔ تمام شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائیگا۔ انہوں نے تمام نجی اور غیر ملکی سکولوں کو انتباہ دیا کہ وہ تعلیمی فیس کے ضوابط کی پابندی کریں۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا انحراف نہ کریں۔ سکول ڈریس یا کورس کی کتابیں کسی خاص دکان سے خریدنے کی پابندی نہ لگائے۔ اگرکسی نے ایسا کیا تو ڈریس یا کورس کے حوالے سے اجارہ داری شمار کیا جائیگا اور اس پر مقررہ سزا دی جائیگی۔