نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہریانہ میں سنگدل بیٹے نے جائیداد کے لالچ میں اپنے ہی والد کو زبردست تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد 12دن تک یرغمال بنائے رکھاہے،متاثرہ شخص کی بیٹی نے اطلاع ملنے پر پولیس کے ہمراہ والدہ کو بھائی سے والد کو آزاد کر وایا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہریانہ کے رہائشی بد بخت بیٹے نے اپنی بوڑھے باپ کو بانس کی چھڑی سے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ایک کمرے میں 12دن تک قید کیے رکھا ہے ،جس کی اطلاع پاکر متاثرہ شخص کی بیٹی نے پولیس کے ساتھ اپنے باپ کو بیٹے کی حراست سے باز یاب کر وایا ہے ۔فی الحال زخمی باپ کا جیند کےہسپتال میں علاج چل رہا ہے ۔ اس سلسلہ میں جب زخمی باپ بلبیر سے پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ زمین کے لالچ میں اسی کا یبٹا اس کی جان کا دشمن بن گیا ہے ، بانس کی لاٹھی سے بیٹے نے اس کی زبردست پٹائی کی ہے۔باپ بیٹے کے رشتے کو اس سنگ دل بیٹے نے پوری طرح سے تار تار کردیا ۔ بلیبر کے جسم پر ایسی کوئی جگہ نہیں بچی ہے ، جہاں چوٹ کے نشان نہ ہوں ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔