یونان کے جنگلات میں لگی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہوگئی
ایتھنز (ڈیلی پاکستان آن لائن)یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے قریبی علاقے کے جنگل میں 23 جولائی کو لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہوگئی۔
یونان کے سرکاری ٹی وی ای آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مزید 2 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک 78 سالہ خاتون اور 83 سالہ مرد شامل ہیں،23 جولائی کو ایتھنز سے 25 کلومیٹر کے شمال مشرقی علاقے ماٹی کے ساحلی علاقے میں زخمی ہونےو الے 34 افراد تاحال ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 6 افراد کی حالت تشویشناک ہے،کئی دنوں سے لگی آگ کے باعث وزیر قانون سمیت پولیس کے سربراہ اور فائر بریگیڈ کے سربراہ سمیت 4 اعلیٰ افسران کو عہدے سے برطرف کیا جاچکا ہے۔
سول پروٹیکشن اتھارٹی نے جمعرات کی صبح جاں بحق افراد کی فہرست جاری کی تھی جس کے مطابق زخمیوں میں 45 خواتین ،35 مرد، 11 بچے اور 2 ناقابل شناخت افراد شامل ہیں،یونان کی حکومت نے کہا تھا کہ علاقے میں 120 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریاستی حکام کی جانب سے آگ کے ہولناک واقعے کے لیے عدالتی تفتیش جاری ہے جبکہ آگ میں ہلاک ہونے والے دو افراد کے رشتہ داروں نے بھی حکام پر غیرذمہ داری اور عوام کو خطرے میں دھکیلنے پر مقدمہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 جولائی کو ایتھنز کے جنگلات میں لگنے والی آگ مشرقی علاقے ماٹی کے ساحلی علاقے میں رہائشی آبادی تک پھیل گئی تھی جس کے نتیجے میں 74 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی تاہم ہلاکتوں کی تعداد کو حتمی قرار نہیں دیا گیا تھا کیونکہ فائر فائٹرز متاثرین کی تلاش میں تھے،جنگلات میں لگنے والی آگ سے ایک ہزار سے زائد عمارتوں اور 300 سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔دوسری جانب یونانی حکام نے اس واقعے کو ایک دہائی سے زیادہ عرصے بعد ملک میں آگ لگنے کا خطرناک ترین حادثہ قرار دیا تھا۔