ملتان میں پلانٹ فار پنجاب ہفت روزہ مہم کا افتتاح
ملتان(سپیشل رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں شجرکاری مہم کا بھرپور آغاز کر دیا گیا۔کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے ممبران صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی، سبین گل اور قاسم لنگاہ کے ہمراہ پودا لگا کر پلانٹ فار پنجاب ہفت روزہ مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان (بقیہ نمبر52صفحہ7پر)
عامر خٹک اورسول سوسائٹی کے افراد نے بھی پودا لگا کر ملک کی سلامتی کیلئے دعا کی۔ کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے کہا کہ 8 اگست تا 14 اگست پلانٹ فار پنجاب ہفت روزہ مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ پلانٹ فار پنجاب مہم میں 33900 پودے مفت تقسیم کیے جائیں گے جبکہ ڈویژن بھر میں فری پودوں کی تقسیم کیلئے31 پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔افتخار علی سہو نے کہا کہ ڈویژن میں مون سون سیزن میں 4 لاکھ 60 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔قلعہ کہنہ قاسم باغ اور اطراف میں 1830 تیار درخت لگانے کا ٹارگٹ فکس کیا گیا ہے جبکہ قسور گردیزی روڈ پر 250 تیار درخت لگائے جارہے ہیں۔زکریا پارک میں 75 تیار درخت لگائے جا چکے ہیں۔جبکہ سول سوسائٹی کے تعاون سے ملتان سدرن بائی پاس پر 7000،نادرن بائی پاس پر4000تیار درخت لگائے جارہے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے شجرکاری میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی قاسم خان لنگاہ نے کہا کہ نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہوگی، ہم سب کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ ممبر صوبائی اسمبلی سبین گل نے کہا کہ شہری اپنے گھر اور دفاترمیں شجرکاری کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔شجرکاری مہم کی کامیابی در اصل موسمی تغیراتی کو کنٹرول کرنے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی وسیم بادوزئی نے کہا کہ شجرکاری کیساتھ پودوں کی حفاظت بارے نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق شجرکاری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ شجرکاری کر کے جشن آزادی منانے سے بہتر کوئی طریقہ نہیں۔شجرکاری سے موسم کی سختی کم کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر چیف کنزرویٹر فاریسٹ اجمل رحیم، ڈویژنل فاریسٹ افسر طارق محمود، ڈویژنل سپورٹس افسر ندیم انجم اورمختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔بعدازاں شہریوں میں مفت پودے تقسیم بھی کئے گئے اور کمشنر ملتان افتخار علی سہو کی قیادت میں آگاہی واک بھی کی گئی۔
پلانٹ فار پنجاب