جشن آزادی کی ہفت روزہ تقریبات کے سلسلے میں ٹی ہاؤس میں امن سیمینار

جشن آزادی کی ہفت روزہ تقریبات کے سلسلے میں ٹی ہاؤس میں امن سیمینار

  

ملتان(سپیشل رپورٹر)جشن آزادی کی ہفت روزہ تقریبات کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیر اہتمام امن سیمینار گزشتہ روز ٹی ہاؤس ملتان میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے جشن آزادی تقریبات کی فوکل پرسن سبین گل ایم پی اے نے کہا کہ ”امن کے رنگ‘ تمام مذاہب کے سنگ“ کے تحت (بقیہ نمبر61صفحہ7پر)

اس سیمینار کا مقصد وطن عزیز کے تمام اقلیتوں کو ساتھ لیکر قیام امن کیلئے جدوجہد کرنا ہے‘ ملتان کو اعزاز حاصل ہے کہ اس ضلع میں پورے ہفتہ کیلئے جشن آزادی کی تقریبات سجائی جا رہی ہیں، ہمارے ملک میں تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم دو قومی نظرئیے کے مطابق متحداور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی واصف مظہر راں نے کہا کہ 72ویں یوم آزادی کے موقع پر ہم دنیا کو پیغام دے رہے ہیں کہ ہم امن کے داعی ہیں مگر اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ آزادی کے جشن میں ہم اپنے مظلو م کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے۔ کشمیر ہماری شہہ رگ ہے، وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں دبے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیاہے ہمیں جنگ میں دھکیلا گیا تو اس کے اثرات سے دنیا بھی نہیں بچے گی۔ممبر صوبائی اسمبلی سلیم اختر لابر نے کہا کہ امن سیمینار کا مقصد یہ باآور کرانا ہے کہ ہمارے تمام مذہب کے لوگ ایک ہیں، امن ہمارے لئے مقدم ہے جس کا درس ہمیں آنے والی نسل کو بھی دینا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری مہندر پال سنگھ ایم پی اے نے کہا کہ پاکستان ریاست مدینہ کا عکس بننے جا رہا ہے، جہاں انصاف ہوتا ہے وہاں امن بھی ہوتا ہے، ہم امن و محبت کے راستے پر چل نکلے ہیں اور ہم تمام اقلیتیں حکومت کے ساتھ ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد حمزہ سالک نے کہا کہ ملتان اولیاء کرام کا شہر ہے جنہوں نے امن کا پیغام دیا۔ وقت آ چکا ہے کہ ہم قائد اعظم، علامہ اقبال کے وڑن پر عمل کریں، ہم امن دھرتی کے لوگ قیام امن و ملکی ترقی کیلئے یک جان ہیں۔زاہد حسین گردیزی نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مشکلات آتی ہیں ہم بہادر قوم ہیں، تحمل کی راہ پر عمل پیرا ہیں، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ بابائے قوم محمد علی جناح کی تعلیمات کے تحت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں ہمارا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے۔ علی رضا گردیزی نے کہا ہے کہ ہمیں نئی نسل کو تمام مذاہب سے اچھا برتاؤکی تربیت دینا چاہیے۔ امن کی تبلیغ کو عام کیا جائے۔امن سیمینار سے شاہد محمود انصاری، شنکتلا دیوی، پیٹرک سرفراز گل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں وطن عزیز کیلئے خدمات انجام دینے والی شخصیات میجر جہانزیب شہید کی والدہ، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، مخدوم ارشد قریشی، زاہد حسین گردیزی، ڈاکٹر محمد امین، علی رضا گردیزی، شنکتلا دیوی، سلیم عطاری، رخسانہ انور، میجر(ر)مجیب خان، محترمہ گلشن وڑائچ، پیٹرک سرفراز گل اور اراکین اسمبلی سلیم اختر لابر،مہندر پال سنگھ، واصف مظہر راں، سبین گل و دیگر کو اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔ سیمینار میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، اقلیتوں کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے عہدیداروں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

امن سیمینار

مزید :

ملتان صفحہ آخر -