جنوبی پنجاب میں بارشیں‘ دیوار گرنے سے بچی چل بسی‘ رود کوہیوں میں طغیانی

جنوبی پنجاب میں بارشیں‘ دیوار گرنے سے بچی چل بسی‘ رود کوہیوں میں طغیانی

  

ملتان‘ وہاڑی ‘ وہوا‘ ہارون آباد‘سکندر آباد (سپیشل رپورٹر‘ سٹی رپورٹر‘ نامہ نگار‘ نمائندہ پاکستان) ملک بھر کی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روز بھی ملتان، وہاڑی، ہارون اآباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے(بقیہ نمبر34صفحہ12پر)

،

سکندر آباد کے علاقہ میں دیوار گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی وہوا میں بارشوں سے رود کوہی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور پیشتر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تفصیل کے مطابق ساون رت کے رنگ نرالے، ملتان کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش،نشیبی علاقے ڈوب گئے،بارش کے ساتھ ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔اس ضمن میں گزشتہ سہ پہر ملتان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے اس ضمن میں مذکورہ بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقے ڈوب گئے جبکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں 5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے آج مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔دریں اثنا شام شہر کے نواحی علاقوں جن میں پانچ ڈبلیو بی،48پل، ٹھینگی پل، اڈا سینچانوالہ،دانیوال،اڈا چکڑالہ سمیت دیگر مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش برستی رہی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے چکوک کی گلیاں تالابوں کا منظر پیش کرتی رہیں جبکہ تیز ہواؤں نے درختوں کے کئی تنے توڑ ڈالے کئی مقامات پر درخت گرنے سے سڑکیں بھی بلاک ہوگئیں جنہیں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہٹا کر راستے صاف کئے جبکہ بارش برستے ہی بجلی بھی بند ہوگئی تاہم موسم میں تبدیلی سے مکینوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے منچلے بارش کے پانی میں اٹکھیلیاں کرتے رہے اور بارش سے خوب لطف اندوز ہوئے جبکہ وہوا کے مغربی پہاڑی سلسلہ پر موسلادھار بارشیں برسنے سے رودکوہیوں میں شدید طغیانی، رودکوہی وہوا، رودکوہی کوڑا، رودکوہی باجھہ اور رودکوہی مٹھوان میں سیلابی صورتحال کے باعث درجنوں نواحی قصبات کا وہوا سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوکر رہ گیا ہے رودکوہی باجھہ اور مٹھوان کے سیلابی ریلوں کے وہوا شہر میں داخل ہونے کے خطرہ کے پیش نظر شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے اور مکینوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کردی ہے رودکوہی کوڑا اور رودکوہی وہوا میں اونچے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں جس کے باعث نواحی قصبات کوتانی، دولت والا، لکھانی، جادے والی، مڑھا سمیت درجنوں قصبات کا وہوا سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوکر رہ گیا ہے اور مکینوں نے اونچے ٹیلوں پر پناہ لی ہوئی ہے ہارون آباد میں ہلکی بارش، حبس کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار۔تفصیلات کے مطابق شہر ہارون آباد میں گزشتہ روز وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کیساتھ ساتھ حبس کا زور بھی ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہوگیا جس پر شہریوں کے چہرے خوشی سے کھلے کھلے دکھائی دیئے۔ بارش کے سبب کچی دیوار گرنے سے بچی جاں بحق۔دوسالہ عمیر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل۔ تفصیل کے مطابق گچھڑ والی پلی کے مقام پر بارش کے سبب کچی دیوار گرنے کے نتیجہ میں 10سالہ اقراء جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو 1122نے 2سالہ عمیر ولد اقبال کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیاہے۔

بارش

مزید :

ملتان صفحہ آخر -