عارضی منڈی مویشیاں میں سہولیات کا فقدان‘ جانور بھی بلبلا اٹھے

عارضی منڈی مویشیاں میں سہولیات کا فقدان‘ جانور بھی بلبلا اٹھے

  

ملتان (سپیشل رپورٹر) میونسپل کارپوریشن ملتان کی جانب سے لگائی جانیوالی عارضی منڈی مویشیاں میں سہولیات کا فقدان، نہ پانی، شہریوں کے ساتھ ساتھ بے زبان جانوربھی پیاس کی شدت سے قرب مرگ تک پہنچ گئے ہیں انتظامیہ نے منڈیاں ٹھیکہ داروں کے حوالے کرکے چپ سادھ لی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن ملتان کی جانب سے رام کلی، توکل ٹاون، سمیت دیگر عارضی سیل (بقیہ نمبر14صفحہ12پر)

پوائنٹس جانوروں کی خریدوفروخت کیلئے بنائے ہیں،ٹھیکہ داروں کوعارضی منڈی مویشیاں کے ٹھیکے الاٹ کئے گئے ہیں۔ عارضی منڈی مویشیاں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، جانوروں اور خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کو پینے کی فراہمی نہیں کی جا سکی ہے، میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے چپ سادھ لی ہے۔ صہیب راشد، ضیم احمد، فرحان بیگ نے کہا ہے کہ کسی بھی منڈی مویشیاں میں سہولیات کی فراہمی نہیں ہو سکی ہے، شکایات کرنے پر منڈی ٹھیکہ دار شہریوں کو دھکے دیکر منڈی سے نکال دیتے ہیں، میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نوٹس لے اور سیکورٹی تعینات کرکے شہریوں کو تشدد سے بچائے۔ جبکہ میونسپل کارپوریشن اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں شہر میں غیر قانونی بکر منڈی پوائنٹس کو ختم کرانے میں ناکام ہوگئی ہیں گذشتہ روز شہر کے مختلف مقامات پر چوراہوں، سٹرکوں پر سینکڑوں غیر قانونی بکر منڈی پوائنٹس سج گئے ہیں۔ ٹریفک بلاک ایمبولینس اور فیڈر بیسیں ٹریفک میں پھنس کر رہ گئی ہیں گھنٹوں ٹریفک کو بحال نہ کیا جا سکا ہے۔ میونسپل کارپوریشن آفیسران اور ٹیمیں سرکاری چھٹی کے مزے گھروں میں آرام کرکے لیتے رہے۔ چونگی نمبر 14، چوک پر کئی گھنٹے تک لمبی قطاریں لگی رہیں۔ حضوری باغ روڈ، پرانا شجاع آباد روڈ، وہاڑی چوک، ممتاز آباد، اندرون شہر، چونگی نمبر 9، سمیت شہر میں چھوٹی بڑی سٹرکوں پر رات گئے تک جانوروں کی خریداری کا کاروبار ہوتا رہا۔ دریں اثنا میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے عیدالضحیٰ کیلئے تجویز شدہ مقامات کے علاوہ قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کی روک تھام اور سری پائے بھوننے والوں کے خلاف کاروائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملازمین کا ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کاروائی کیلئے شہر کو دو زون میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر زون میں دو ٹیمیں بنا دی گئی ہیں۔ملتان شہر میں سری پائے بھوننے والوں  کے خلاف کاروائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ میونسپل کارپوریشن ملتان کے زیر اہتمام لگائی جانیوالی منڈی مویشیاں میں بکروں کے دو آڑھتی گروپ لڑے پڑے، گروپوں میں تصادم گالی گلوچ کے بعد ہاتھا پائی پر پہنچ گیا، موقع پر موجود دیگر آڑھتیوں نے صلح کروا کر گلے ملوا دیا۔ بتایا گیا ہیکہ توکل ٹاون پر موجود منڈی میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سے آئے دو آڑھتی گروپوں میں بکرے کھڑا کرنے پر جھگڑا ہوا جو کہ گالی گلوچ سے شروع ہوا ہے ہاتھ پائی تک پہنچ گیا۔ موقع پر موجود آڑھتیوں نے صلح کروا کر گلے ملوا دیا۔ بعد ازاں میونسپل کارپوریشن کے اہلکار لڑنے والے آڑھتیوں کی تلاش کرتے رہے۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ،میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل کی جانب سے لگائی جانیوالی منڈی مویشیاں اور عارضی سیل پوائنٹس کی مانیٹرنگ کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو کہ عیدالضحیٰ کے دن تک منڈی مویشیوں کی مانیٹرنگ کریں گی۔ ملتان، لاہور میٹروپولیٹن، لاہور ضلع کونسل، گوجرنوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کیلئے بھی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، اس ضمن میں لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے تمام چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مانیٹرنگ ٹیموں سے تعاون کیا جائے اور مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا جائے اور منڈیوں کا معائنہ بھی کرایا جائے۔

مویشی منڈی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -