سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،ڈالر کی قدر میں کمی جاری

  سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،ڈالر کی قدر میں کمی جاری

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 5ڈالر کااضافہ، جس کے نتیجے میں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید550روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 550روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں 472روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت86250روپے سے بڑھ کر86800روپے اوردس گرام سونے کی قیمت73945روپے سے بڑھ کر74417روپے ملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔جمعرات کو چاندی کی فی تولہ قیمت اوردس گرام قیمت میں استحکام رہا،جس کے نتیجے میں چاندی کی فی تولہ قیمت1100.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت943.00روپے  پرمستحکم رہی۔ملکی کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کا تسلسل جاری ہے۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روزانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں 24پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں قیمت خرید158.20روپے سے گھٹ 157.96روپے اورقیمت فروخت158.30روپے سے گھٹ کر158.06روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں 10پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید157.50روپے سے گھٹ کر157.40روپے اورقیمت فروخت159.50روپے سے گھٹ کر158.40روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی اتارچڑھاؤ کے بعدشدید مندی سے  سرمایہ کاروں کے مزید73ارب54کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے،مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 539.47پوائنٹس کمی سے29737.98پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طورپر338کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے76کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،238کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ24کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

سونا/ڈالر/سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -