امریکہ کو پاکستان کے ساتھ پارٹنرشپ پر فخر ہے، ڈائریکٹر یوایس ایڈ پنجاب

  امریکہ کو پاکستان کے ساتھ پارٹنرشپ پر فخر ہے، ڈائریکٹر یوایس ایڈ پنجاب

  

ملتان (خصوصی رپورٹ) یو ایس ایڈ کے پراونشل ڈائریکٹر فار پنجاب کیون شارپ نے کہاہے کہ امریکہ کو پاکستان کا پارنٹر ہونے پر فخر ہے، امریکہ پاکستانی عوام کی خوشحالی کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔تفصیلات کے مطابق کیون شارپ نے پاکستانی نوجوانوں میں روزگار کے لئے ان کی فنی استعداد بڑھانے کی غرض سے ملتان اور مظفر آباد کا تین روزہ دورہ کیا۔ شارپ نے اس دوران نوجوانوں کو اپنا کاروبارو شروع کرنے کیلئے ٹول کٹس تقسیم کیں اور مقامی انتظامیہ، تاجر رہنماؤں اور یونیورسٹی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیون شارپ نے کہاہے کہ امریکہ کو جنوبی پنجاب میں پاکستان کا پارٹنر ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کی تربیت اور ان کوروزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے،طلبہ کو سکالرشپس مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کی لائیو سٹاک کے شعبے میں حوصلہ افزائی کی جارہی ہے،امریکہ عوام کی خوشحالی کیلئے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ کیون شارپ نے یوایس ایڈ کے تحت تربیت حاصل کرنیوالے گریجوایٹس میں ٹول کٹس تقسیم کیں،یہ ٹول کٹس تربیت یافتگان کو اپنا کاروبار شروع کرنے،ملتان مظفر آباد،بہاولپور اور لودھریاں کے نوجوانوں کیلئے معاشی مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہونگی۔اس موقع پر کیون شارپ نے ملتان میں شاہ رکن الدین عالم کے مزار پر حاضری دی اور پاکستان کے فقید المثال ثقافتی ورثے کی تعریف کی۔ انہوں نے بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی میں یو ایس ایڈ کی مدد سے تعمیر کی کی فیکلٹی آف ایجو کیشن کی عمارت کا بھی دورہ کیا۔اس کے علاوہ ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان سے بھی ملاقات کی اور ترقی پذیر معیشت میں نجی سیکٹر کے کردار کی حوصلہ افزائی کی۔مظفر آباد میں مسٹر شارپ نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور شہریوں کیلئے بنائے گئے سہولتی مرکز کا دورہ کیا۔

کیون شارپ

مزید :

صفحہ آخر -