بھارتی صوبے مہارا شٹرامیں طوفانی بارشوں سے 16افراد ہلاک

  بھارتی صوبے مہارا شٹرامیں طوفانی بارشوں سے 16افراد ہلاک

  

ممبئی(آئی این پی)بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں طوفانی بارش اور سیلاب سے کم ازکم 16 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کولہاپور اور دیگر اضلاع میں ہونے والی 670 ملی میٹر بارش سے ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد حکام کی جانب سے پانی کو دریاوں میں چھوڑا گیا تھا اور پانی کے بہاو میں اضافہ ہوا تھا۔پونے کے ڈویژنل کمشنر دیپک مہیسکر کا کہنا تھا کہ ان اضلاع میں ڈیموں میں پانی بھر چکا ہے، اگر مزید بارش ہوجاتی ہے تو ہمارے پاس پانی کو دریاوں میں چھوڑنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے حکام سے فوری طور پر انتظامات کا مطالبہ کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ خطے میں اگلے تین روز میں مزید تیز بارش ہوگی۔ڈویژنل کمشنر دیپک مہیسکر کا کہنا تھا کہ ہزاروں ٹرک معاشی مرکز ممبئی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی حب بنگلور سے ملانے والی ایک نیشنل ہائی وے پر پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ متعدد مقامات پر سڑک ٹوٹ چکی ہے۔سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث علاقے میں اسکول اور کالج بھی متاثر ہوئے ہیں جہاں رواں ہفتے پڑھائی کا سلسلہ شروع نہیں ہو سکا ہے جبکہ رواں ہفتے ان کے کھلنے کی بھی امید نہیں ہے۔خیال رہے کہ جون سے ستمبر کے دوران مون سون کی موسمی بارشوں کے باعث جنوبی ایشیا کے اکثر ممالک میں سیلاب آتا ہے اور ہزاروں افراد متاثر ہوتے ہیں۔بھارت میں مجموعی طور پر 70 فیصد بارش مون سون کے دوران ہوتی ہے جو کسانوں اور زرعی پیداوار سے منسلک کاروباری برادری کے لیے امتحان بن جاتی ہیں۔

مزید :

علاقائی -