منشیات فروشوں کے محاسبے کا عمل مزید تیز کیا جائے،آئی جی پنجاب

منشیات فروشوں کے محاسبے کا عمل مزید تیز کیا جائے،آئی جی پنجاب

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)آ ئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے قلع قمع اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ کرنے کیلئے پنجاب پولیس صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ موثر انفارمیشن شئیرنگ کے علاو ہ انٹیلی جنس بیسڈ جوائنٹ آپریشنزکرے تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث بڑی اور چھوٹی مچھلیوں کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سے سخت سزائیں دلوائی جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بالخصوص تعلیمی اداروں اور سٹوڈنٹ ہاسٹلز کے ارد گرد علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات فروشی کی طرف راغب کرنے اور سپلائی دینے والے معاشرتی ناسوروں کے محاسبے کا عمل مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے تعاون سے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں منشیات کی آئی ڈنٹییفیکیشن کے حوالے سے پولیس اہلکاروں کیلئے خصوصی ٹریننگ سیشنز منعقد کئے جائیں تاکہ پولیس اہلکار مختلف اقسام کے نشہ آور مواد کو باآسانی شناخت کرکے ان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ریجنل ڈائریکٹر برگیڈئیر خالدکی قیادت میں دو رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے کیا۔

مزید :

علاقائی -