تحصیل کونسل مردان مین ایک ارب 15کروڑ 51لاکھ سے زائد کا بجٹ منظور 

تحصیل کونسل مردان مین ایک ارب 15کروڑ 51لاکھ سے زائد کا بجٹ منظور 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مردان (بیورورپورٹ) تحصیل کونسل مردان نے رواں مالی سال کے لئے ایک ارب 15کروڑ  51لاکھ 68ہزار روپے کا بجٹ منظور کرلیا۔ کونسل کا اجلاس کنویئر مشتاق سیماب کی صدارت میں ہوا، جس میں تحصیل ناظم محمد ایوب خان نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لئے 55کروڑ 94لاکھ 13ہزار روپے، نان سیلری کے لئے 9کروڑ 78لاکھ 55ہزار، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے 49کروڑ 79لاکھ مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں میونسپل سروسز اور واٹر سپلائی کے لئے 26کروڑ 53لاکھ، جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 3کروڑ 70لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے نے گزشتہ چار سالوں میں اپنے ذرائع آمدن میں 10کروڑ روپے اضافہ کرلیاہے۔ تحصیل کونسل کی بہتر کارکردگی کی بدولت بجٹ خسارہ پر قابو پالیا گیا ہے۔ اراکین کونسل شاکر خان، الیاس طورو، حاجی جاوید، ظاہر خان، وقار اختر، ہارون خان، شاہ حسین، تزکیہ بیگم نے بجٹ پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز کمپنی کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کے لئے مختص فنڈ میں کمی کی جائے۔ اجلاس میں تحصیل میونسپل افسر نثار خان، تحصیل افسر فنانس ایوب خان  اور آڈٹ افسر جہانگیر خان نے بھی شرکت کی۔