مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا جائزہ اجلاس

مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا جائزہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ پرائمری تعلیم کی بہتری اور ہر سکول میں چاراساتذہ یقینی بنانے کیلئے بہت جلد مزید 12 ہزار آسامیاں مشتہر کی جائیگی اور اپریل سے شروع ہونے والے تعلیمی سال تک تقریباً 26ہزار نئے اساتذہ سسٹم میں شامل ہوجائیں گے۔ جبکہ سکولوں میں کلاس رومز کی کمی کوپورا کرنے کیلئے مزید 10 ہزار نئے کلاس رومز بھی تعمیرکئے جائیں گے جس سے نئے داخل ہونے والے طلباء بشمول پہلے سے موجود طلباء کو سہولیات میسرہوں گی۔ وہ محکمہ تعلیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان، ڈائریکٹرایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ایم ڈی (ای ایس ای ایف) معتصم باللہ اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ ہم نے اپنے لئے ترجیحات مقررکی ہیں۔ جس میں پرائمری تعلیم کی بہتری، ہائی اور ہائرسیکنڈری سکول میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنا اور بنیادی سہولیات بشمول سکول میں اضافی کلاس رومز کی تعمیرشامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اضافی کلاس رومز کی تعمیر سے فی کلاس طلباء کی تعداد کم ہوجائیگی جس سے اساتذہ کو پڑھانے اورطلباء کو پڑھنے میں آسانی ہوگی جبکہ نئے داخل ہونیوالے طلباء کو بھی سیٹس دستیاب ہوں گی۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ پرائمری سطح پرسکولوں میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے اورتعلیم وتربیت میں جدت لانے کی غرض سے تین ہزار سکول لیڈرز بھی بہت جلد تعینات کئے جائیں گے جن کی بھرتی کا عمل اپریل سے شروع ہونیوالے تعلیمی سیشن تک مکمل ہوجائیگا۔ سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان نے مشیر تعلیم کو جاری منصوبوں پرپیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ بہت جلد رینٹڈبلڈنگ سکولز اور سیکنڈشفٹ منصوبوں پر کام شروع ہو جائے گا۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے کہاکہ آئی ایم یو کی رپورٹ کے مطابق سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ نئے ضم شدہ اضلاع میں انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ اتھارٹی کیلئے منتخب شدہ ملازمین نے کام شروع کررکھاہے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے محکمہ تعلیم میں اصلاحات کے حوالے سے کہاکہ ہائرسیکنڈری سطح پر ای بکس متعارف کیاجارہاہے کہ جس کی بدولت طلباء پر اضافی کتابوں اور بستوں کا بوجھ ختم ہوجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے طلباء کو دورجدید کے تقاضوں اور ضروریات کے پیش نظرتیارکررہے ہیں جبکہ بہتر روزگار کے حصول کیلئے ٹیکنیکل سکلز کی فراہمی کیلئے بھی ہم اقدامات کررہے ہیں۔