ڈیرہ میں بھی 15 اور 16 اگست کو شٹر ڈاؤن ہڑتال اور دھرنا ہوگا

ڈیرہ میں بھی 15 اور 16 اگست کو شٹر ڈاؤن ہڑتال اور دھرنا ہوگا

  

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)ملک بھر کی تاجر برادری کی کال پر ظالمانہ ٹیکسز، بجٹ اور مہنگائی کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی15اور16اگست2019کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کے علاوہ چوگلیہ پر احتجاجی جلسہ و دھرنا ہوگا جبکہ بروز ہفتہ10اگست2019کو آگاہی مہم برائے ہڑتال احتجاجی ریلی منعقد ہوگی، مکمل شٹر ڈاؤن کا فیصلہ بروز بدھ مرکزی انجمن تاجران کے دفتر تاجرتنظیموں کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں راجہ اختر علی، سہیل اعظمی، حامد علی رحمانی، ایوب ایوبی، محمد نواز، چوہدری جمیل، شریف چوہان، خلیل نمبردار، امان اللہ، فضل الرحمان، صاحب جان، کریم نواز، جاوید اختر، شیر خان، غلام سبحانی، محمد اشرف، خالد ناز و دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ڈیرہ کی تمام تاجر تنظیموں مرکزی انجمن تاجران، تاجر اتحاد، تاجر ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے ہڑتال کو مکمل اور بھرپور طریقے سے کامیاب کرنے کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ حکومت نے ملک کو IMFکے پاس گروی رکھ دیا ہے، وہ معاشی قتل کرنے میں مصروف ہیں اسکی پالیسیاں کسی ڈکٹیٹر کی پالیسیوں سے کم نہیں ہیں۔ اس نے عوام اور تاجروں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، ملک میں کاروبار زندگی معطل ہے، خوف و ہراس کے باعث کاروباری سرگرمیاں مندی کا شکار ہیں۔تا جر نمائندوں نے اس عزم کو دہرایا کہ جو ہمارے بچوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کرے گا ہم اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ اجلاس میں واپڈا کی ناجائز لوڈ شیڈنگ، تاجروں پر تجاوزات کی آڑ میں بھاری جرمانوں اور پولیس کی جانب سے مہنگے سیکورٹی کیمروں کی زبردستی تنصیب کی مذمت کی گئی اور محکمہ ایکسائز کے بھاری پراپرٹی ٹیکسز کے نفاذ کو مسترد کردیا گیا۔ اجلاس میں کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے علاوہ14اگست شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -