بخشو پل اور لیاقت آباد کے باشندوں کا لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا اعلان

بخشو پل اور لیاقت آباد کے باشندوں کا لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا اعلان

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پشاورحلقہ پی کے 76 کے علاقہ بخشو پل لیاقت آباد کے رہائشیوں نے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا جبکہ چارسدہ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کرنے کا بھی عندیہ دیدیا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی ٹرپنگ اور کم وولٹیج کی وجہ سے ہر روز لاکھوں روپے کے الیکٹرانک اشیاء جل رہے ہیں جس سے ان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ بخشو پل لیاقت آباد کے سماجی کارکن شیر محمد مہمند نے اس سلسلے میں بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں چودہ سے سولہ گھنٹے تک بجلی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے حالانکہ لوگوں کی جانب سے سو فیصد بلز کی ادائیگیاں ہو رہی ہیں، بجلی کی طویل بندش سے خواتین اوربچوں کو گرمیوں میں شدید مشکلات کاسامنا رہتا ہے اور ان کی بے ہوشی کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اکثر اوقات گھروں اور مساجد میں پانی غائب رہتا ہے اور ساتھ ساتھ لوگوں کا روزگار بھی متاثر ہو رہا ہے جو افسوسناک ہے لیکن واپڈا حکام کو کوئی فکر نہیں، انہوں نے کہاکہ بجلی کی ٹرپنگ اور وولٹیج کم رہنے سے الیکٹرانک اشیاء جل جاتے ہیں جس سے ان کا نقصان ہو رہا ہے اسلئے حکومت اس مسئلے پر نوٹس لیں ورنہ جلد ہی چارسدہ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بلاک کرینگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -