تحریک لبیک پاکستان کا آج ملک بھر میں یکجہتی کشمیرمارچ کا اعلان

تحریک لبیک پاکستان کا آج ملک بھر میں یکجہتی کشمیرمارچ کا اعلان

  

کراچی(آن لائن)مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے آج نمازجمعہ کے بعد ملک بھر میں یکجہتی کشمیرمارچ کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں لاہور کے مرکزی یکجہتی مارچ کی قیادت علامہ خادم حسین رضوی کریں گے، لاہور میں داتا دربار تا فیصل چوک مارچ کیا جائے گا، کراچی میں حسن اسکوائر تا مزارقائد مارچ کی قیادت امیرکراچی علامہ رضی حسینی کریں گے۔ راولپنڈی میں مارچ کی قیادت امیرشمالی پنجاب پیر سیدعنایت الحق شاہ سلطان پوری کریں گے۔ ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری کے مطابق سندھ حیدرآباد، نواب شاہ، جامشورو، میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، قمبرشہداد کوٹ، تھرپارکر، کشمور، ٹنڈوالہ یار، خیرپور میں یکجہتی کشمیر مارچ کیا جائیگا۔ خیبرپختونخوا میں بھی چارسدہ مردان، سوات، مالاکنڈ، دیر، خیبر، باڑہ، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ڈی آئی خان، کوہاٹ میں بھی مارچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، چارسدہ میں امیرخیبرپختونخوا ڈاکٹر شفیق امینی دربارعالیہ قادریہ امینیہ حاجی آباد شریف سے عمرزئی چوک مارچ کی قیادت کریں گے۔ بلوچستان میں کوئٹہ، قلات، خضدار، سبی، جعفرآباد، حب چوکی، گوادر میں بھی تحریک لبیک نے یکجہتی کشمیر مارچ کے لیے انتظامات کرلیے ہیں، پنجاب میں لاہور کے مرکزی پروگرام کے علاوہ راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، چکوال، سرگودھا، ملتان، فیصل آباد، جہلم، اٹک، ساہیوال، گجرانوالہ، ڈی جی خان، رحیم یار خان سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یکجہتی کشمیر مارچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ یکجہتی کشمیر مارچ کے لیے چاروں صوبوں میں ٹی ایل پی کارکنان کو متحرک کردیا گیا ہے۔

مارچ کا اعلان

مزید :

پشاورصفحہ آخر -