گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار
پشاور(کرائمز رپورٹر)کپیٹل سٹی پولیس پشاورنے اندرون شہر دن دیہاڑے گھر میں ڈکیتی کے دوران 130 تولے سونا اور نقد رقم لوٹنے والے ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کےدوران پشاور اورراولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں درجنوں وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے،گرفتار ملزم کا تعلق خطرناک ڈکیت گروہ کاسرغنہ ہے جس کا ایک رکن حیات آباد میں ڈکیتی کرتے ہوئے پولیس مقابلہ کے دوران مارا گیا تھا، گرفتار ملزم کے قبضہ سے 8 لاکھ روپے نقد اور 2 عددپستول برآمد کر لئے گئے تفصیلات کے مطابق مدعی سعید احمد ولد سلطان خان سکنہ سکندر پورہ نے 28 اپریل کو تھانہ ہشتنگری پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ وہ بوقت دوپہر اپنے بیٹھک میں موجود تھا کہ اس دوران چند نقاب پوش افراد نے گھر میں گھس کر ہم گھر والوں کو ےرغمال بنا کر میرے گھر سے 130 تولے سونا اور 95 ہزار روپے نقد لوٹ کر فرار ہو گئے، جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کی سربراہی میں ڈی ایس پی سٹی ٹو اور ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین اشفاق خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا، ڈی ایس پی سٹی کی نگرانی میں ایس ایچ او اشفاق خان نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے ان کے بیانات قلمبند کئے، اسی طرح مدعی کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والے افراد کی بھی کڑی نگرانی شروع کی گئی جس کے دوران واردات میں ملوث اصل گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے مرکزی ملزم اور سرغنہ اورنگزیب عرف کمانڈو ولد غلام جعفر سکنہ گلبہار حال ہری پور کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران پشاور سمیت راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں درجنوں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے جس پر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کچھ عرصہ قبل حیات آباد میں بھی ڈکیتی کی کوشش کی تھی جس کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے مقابلہ کے دوران گروہ کا ایک رکن شیراز ولد روشن سکنہ چغلپورہ ہلاک ہوا تھا، ملزم کی نشاندہی پر اس کے قبضہ سے 8لاکھ روپے نقد اور دو عدد پستول برآمد کر لئے گئے ہیں، ملزم اورنگزیب عرف کمانڈو نے اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں جن کی گرفتاری کی خاطر ایس ایچ او اشفاق خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔