نجی شعبہ معیشت کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، گورنر پنجاب

نجی شعبہ معیشت کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، گورنر پنجاب

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)سیکنڈ ایکسیلنس ایورڈزپنجاب کی خصوصی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی جس میں پنجاب کی 30اعلیٰ کارکردگی دکھانے والی اور ریکارڈ ایکسپورٹ کرنے والی کمپنیوں کو ایورڈزدئیے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے ایف پی سی سی آئی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مشکلات کے باوجود نجی شعبہ ملکی معیشت کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے ایواڈز ونرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان بزنسمین بہت زیادہ محنتی ہیں،حکومت بھی نجی شعبے کے معیشت میں اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کرنے اوران کوہر ممکن سہولت مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر انجنئیردارو خان اچکزئی نے کہاکہ پنجاب میں صنعتی پھیلاؤ اور یہاں کی بین الاقوامی تجارت میں بھر پور شراکت نے اس بات پر مجبور کیا ایف پی سی سی آئی عمدہ کارکردگی والوں کو ایکسیلنس ایورڈز پیش کرئے۔کاروبار کرنے کے لئے آسانیوں کے بجائے مشکلات زیادہ ہیں جس کا ثبوت ہماری ایز آف ڈوئنگ بزنس میں نچلے درجے پر پوزیشن ہے۔یہ ایوارڈ یقینا ایک مقابلے کا رجحان پیدا کریں گے اور دوسرے ان کی تقلید کرتے ہوئے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ایف پی سی سی آئی کے ایوارڈ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین عبدالرؤف مختار نے کہا کہ ایوارڈز کے انعقاد کابنیادی مقصد اعلی کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں اور معروف برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ پنجاب میں 48ہزار سے زائد صنعتی یونٹس ملک کی اقتصادی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ تقریباََ40ہزار سے زائدچھوٹے اور کاٹیج صنعتیں پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر پاکستان کا اثاثہ ہے جس نے خود کو مشکل حالات میں بھی مستحکم رکھا ہے۔ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر شیرین ارشد خان نے کہاکہ بزنس کمیونٹی اقتصادی ترقی کی زندگی کی لکیر ہے۔پنجاب کی کاروباری برادری خصوصی طور پر کاروباری خواتین کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی نے دوسری بار پنجاب کی بنیاد پر اعلی کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے لیے اعلی ٰ کارکردگی ایوارڈز منعقد کیا ہے۔سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے کہاکہ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو ملک پاکستان اور اس کے عوام کے مفادات کیلئے آگے بڑھتے ہوئے قابل عمل منصوبوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے وسائل کے بہتر استعمال کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کاروں کو قابل عمل منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ مختلف شعبوں میں مردوں اور خواتین کیلئے نئی ملازمتوں کی تخلیق ہو سکے۔

مزید :

کامرس -