خوشحالی کیلئے نئے عزم کے ساتھ یوم آزادی منارہے ہیں ،سعدیہ راشد

خوشحالی کیلئے نئے عزم کے ساتھ یوم آزادی منارہے ہیں ،سعدیہ راشد

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کا 72 واں یوم آزادی پاکستان کو مضبوط تر ، ترقیافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے ایک نئے عزم، ولولے اور امیدوں کے ساتھ منا رہے ہیں۔ ہمیں اپنے بزرگوں اور قومی رہنماﺅں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ جنہوں نے عظیم قربانیاں دے کر ہمیں ایک پیارا وطن، پاکستان عطا کیا اور ہماری زندگیوں کو آزادی اور قومی شناخت کی برکتوں سے معمور کیا جیساکہ شہید حکیم محمد سعید فرماتے ہیں: ”آزادی زندگی ہے اور غلامی موت ہے“۔ انہوں نے کہا کہ حکیم صاحب یہ بھی فرماتے تھے : ”ہمیشہ ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ ہم اپنے وطن، پاکستان کے لیے کیا کر سکتے ہیں“۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم حکیم صاحب کے مشہور قول ”پاکستان سے محبت کرو۔ پاکستان کی تعمیر کرو“ پر عمل پیرا ہو جائیں تو ہم انشااللہ کم وقت میں اپنے ملک کو مضبوط، مستحکم، ترقیافتہ اور خوشحال بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے کہا کہ وہ حکیم صاحب کے اس قول کو گرہ میں باندھ لیں، ہمیشہ اپنے ذہن میں رکھیں اور آزادی کی قدر کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید شادیوں پر بے تحاشہ اخراجات کے مخالف تھے۔ وہ فرماتے تھے کہ کراچی میں روزانہ شادیوں کی تقریبات کے لیے آٹھ کروڑ روپے مالیت کا قیمتی کھانا تیار کیا جاتا ہے جس میں سے دو کروڑ روپے کا کھانا ضائع ہو جاتا ہے۔ یہ پیسے اور کھانے کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم صاحب کی اس سوچ کی روشنی میں ہمیں زندگی کے تمام معاملات میں کفایت شعاری سے کام لینا چاہیے تاکہ قومی بچت میں اضافہ کیا جا سکے جس کی وطن عزیز کو ضرورت ہے۔ اس موقع پر ہمدرد کی اسٹاف ممبر نیلم جمانی نے کہا کہ ہم انفرادی طور پر بھی کام کر کے اپنے ملک کو سدھار سکتے ہیں جیساکہ شہید حکیم محمد سعید نے تنہا تعلیم و صحت اور فلاح و بہبود پر کتنا کام کیا۔ تقریب میں یوم آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا جو محترمہ سعدیہ راشد، ہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او فاطمہ منیر احمد، متولیہ ہمدرد (وقف) پاکستان آمنہ ہمایوں میاں نے کاٹا۔ اس موقع پر ہمدرد آفس کو پاکستان کے جھنڈوں، جھنڈیوں اور بینرز سے سجایا گیا، ہمدرد کا تمام اسٹاف قومی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے ہرے اور سفید لباس میں تھا ”پلج وال“ پر شرکاءنے یوم آزادی اور آزادی¿ کشمیر کے لیے اپنے اپنے تبصرے چسپاں کیے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا پر یہ تقریب سعید اختتام پذیر ہوئی جس میں ممتاز مہمانان گرامی کے علاوہ ہمدررد کے ڈائریکٹر صاحبان، منیجر حضرات اور اسٹاف نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ہمدرد کی اسٹاف ممبر ذریا عادل نے بہ طریق احسن ادا کیے اور علی جلالی نے احمد ندیم قاسمی کی دعا ”میرے ارض پاک پر اترے“ پیش کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -