چھانگا مانگا فارسٹ پارک میں شجرکاری مہم کا افتتاح، ہر شہری ایک پودا لگا کر وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنائے: عثمان بزدار

  چھانگا مانگا فارسٹ پارک میں شجرکاری مہم کا افتتاح، ہر شہری ایک پودا لگا کر ...

  

چھانگا مانگا(نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ درخت لگانا قومی فریضہ ہی نہیں، سماجی اور مذہبی اقدار میں بھی شامل ہے،شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حصے کا پودا ضرور لگائیں، نگہداشت کریں اور وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزچھانگا مانگا میں مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔اس موقع پر فارسٹ پارک میں 5سوطلبہ نے بھی شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے شہریوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کر کے ضلع قصور کیلئے صحت انصاف کارڈ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ چھانگامانگا فارسٹ پارک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فاریسٹ پارک میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورپاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرکے مودی سرکارنے غیرقانونی اقدام اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ بھارت جان لے کہ کشمیر کے معاملے پر پوری پاکستانی قوم یکجاہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے پنجاب کے ساڑھے تین کروڑ افراد نجی ہسپتالوں سے مفت علاج کرائیں گے جبکہ قصور میں 2لاکھ72ہزار خاندان اور11لاکھ افراد ہیلتھ کارڈ سے مفت علاج کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع قصور میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ساڑھے 19 ارب روپے کی لاگت سے 126 ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شامل ہیں۔ چھانگا مانگا میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹی ڈی سی پی ریزارٹ کی تعمیر و توسیع کی جائے گی۔ قصور میں واٹر سپلائی کی نئی سکیمیں شروع کی جائیں گی۔دریائے ستلج کے ساتھ چونیاں کے علاقے میں فتح محمد بند اور لالو گدر بند کی ری ماڈلنگ کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور اور پتوکی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ قصور میں نئی یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ پتوکی میں نیا تحصیل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے قصور کے شہریوں میں انصاف صحت کارڈ تقسیم کیے۔تقریب سے صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد اورسیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر سردار آصف نکئی، مشیر حنیف پتافی، اراکین اسمبلی، سردار طالب نکئی،مختار شاہ،تحریک انصاف کے رہنماء سردار آصف احمدعلی،پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر،سیکرٹری جنگلات، کمشنر لاہور ڈویژن، آر پی او شیخوپورہ، ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او قصور اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سردارعثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -