مودی کی ہٹ دھرمی برقرار، مقبوضہ کشمیر کیلئے آرٹیکل 370کا خاتمہ تاریخی اقدام قرار

   مودی کی ہٹ دھرمی برقرار، مقبوضہ کشمیر کیلئے آرٹیکل 370کا خاتمہ تاریخی ...

  

ٍ نئی دہلی (این این آئی)بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کوتاریخی فیصلہ قرار دیدیا۔ہندی زبان میں قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے نتیجے میں جموں و کشمیر اور لداخ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس کی مثال ماضی میں نہیں ملے گی۔ گزشتہ 3 دہائیوں میں 42 ہزار معصوم لوگ ز ند گی کی بازی رہے، یہ اعداد و شمار آنکھوں میں آنسو لانے کیلئے بہت ہیں۔40 منٹ دورانیہ پرمشتمل خطاب میں نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں حکومتی سکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے اور انہیں وفاق کے زیر انتظام لانے سے تحفظ ملے گا۔واضح رہے نریندر مودی 2002 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے جن پر امریکہ نے اسلئے پابندی لگادی تھی کہ انہوں نے ہندو مسلم فسادات کو رکوانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے تھے جس میں کم از کم ایک ہزار سے زائد افراد مارے گئے تھے جن میں زیادہ تر تعداد مسلمانوں کی تھی۔نریندر مودی نے کہاجموں و کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ لوگ بنیادی سہولیات اور بہتر مستقبل سے محروم ہیں اور اب انہیں بھارت کے دیگر صوبوں کی طرح یکساں سہولیات میسر ہوں گی۔نریندر مودی نے الزام لگایا پاکستان آرٹیکل 370 کی منسوخی کو جواز بنا کر بھارت کیخلاف پروپیگنڈا کررہا ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو مخاطب کرکے کہا میں یقین دلاتا ہوں ماضی کی طرح مستقبل میں بھی آپ کو عوامی نمائندوں کو منتخب کرنے کا پورا حق حاصل ہوگا۔نریندر مودی نے دعویٰ کیا آپ کو یہ جان کر تعجب ہوگا کہ کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر میں رہائش پذیر لوگوں کو لوک سبھا (ایوان زیریں) کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل تھا لیکن وہ اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکے۔مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کو ’میرے بہن اور بھائیو کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہاجموں و کشمیر میں تمام ملاز متوں پر بھرتیاں کی جائیں گی اور نئے نظام کے تحت وفاقی حکومت کی ترجیح ہوگی کشمیریوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ملازمت کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ کشمیر کی مصنوعات زعفران، کافی، سیب اور خوبانی کو دنیا بھر میں فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔نریندر مودی نے کہا لداخ کی ہربل ادویات بھی پوری دنیا میں پھیلائی جائیں گی۔ ہم چاہتے ہیں جموں و کشمیر اسمبلی کے انتخابات جلد ہوں اور وہاں نئی حکومت تشکیل پائے اور وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہا جائے۔ کشمیر میں ہلاک ہونیوالے ہزاروں بھارتی فوجیوں نے امن کیلئے اپنی جانیں دیں اور ان تمام فوجیوں کی تمنا تھی کشمیر میں امن ہو اسلئے ہم سب کو مل کر ان کی تمناہوں کو پورا کرنا ہے۔نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ریلوے اور شاہرواں کے نظام میں بہتری لانے کا وعدہ کیا۔ان کا کہنا تھا مقامی نمائندوں کے تعاون سے لداخ اور کارگل میں کونسل سازی ہوگی اور وفاقی حکومت مذکورہ علاقوں میں ترقیاتی سکیمیں تیزی سے متعارف کرائے گی۔لداخ سے متعلق انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ لداخ روحانی سیاحت کا مزکز بننے کی اہلیت رکھتا ہے جہاں ایڈونچر اور ایکو سیاحت کو فروغ ملے گا۔ لداخ میں وسیع پیمانے پر سولر پاور جنریشن کا نظام نصب کیا جاسکتا ہے۔آخر میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارک دیتے ہوئے خواہش کا ظاہر کی کہ عید پر ماحول سازگار رہے گا۔

مودی ہٹ دھرمی

مزید :

صفحہ اول -