کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، مودی سرکار کا نسل پرستوں کا ٹولہ، اس نے کشمیر پر آخری کارڈ کھیل لیا، جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا: عمران خان 

  کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، مودی سرکار کا نسل پرستوں کا ٹولہ، اس نے ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں ) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے، پاکستان کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ جیسی دہشت گردی خود کروا کے پاکستان پر الزام لگائے گا،بھارت کشمیریوں کا قتل عام کرنا چاہتا ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدل کر آخری کارڈ کھیل لیاہے۔اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مودی سرکار ہٹلر جیسی سوچ رکھتی ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ مودی سرکار نسل پرستوں کا ٹولہ ہے،یہ ٹولہ بھارت میں صرف ہندوؤں کو دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پلوامہ جیسی دہشت گردی خود کروا کے پاکستان پر الزام لگائے گا ، میں نے نریندر ا مودی سے ہمیشہ امن کی بات کی،پاکستان کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کررہاہے اور کشمیر کا جغرافیہ بدلنا چاہتاہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے پلوامہ جیسے واقعہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی،بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ ہمارے لئے افغانستان میں کردار مشکل بنایا جارہا ہے، افغانستان میں پائیدار امن کیلئے مثبت کردار جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کشمیر کے معاملے پر ثالثی کیلئے سنجیدہ ہیں، امریکہ سمیت پوری دنیا کو بھارتی عزائم سے باخبر رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رائے عامہ کی جنگ ہے اور ہم نے یہ جنگ جیتنی ہے، عالمی عدالت، سکیورٹی کونسل سمیت ہر فورم پر جائیں گے، بھارت کی کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کوجنگ میں دھکیلے، بی جے پی نازی سوچ والی جماعت ہے، نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم سے اقوام عالم کو آگاہ کریں گے، دنیا کوبتائیں گے کہ مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے۔

عمران خان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے،پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات کے ضمن میں خصوصی رعایات دی جا رہی ہیں،جن کا سرمایہ کاروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے جبکہ معروف امریکی کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل کے گلوبل وائس چیئرمین اور چیف آپریٹنگ آفیسر جون مولرنے  کہا کہ پراکٹر اینڈ گیمبل کمپنی پاکستان میں 30سال سے کاروباری سر گرمیاں سرانجام دے رہی ہے جسے وسعت دی جائے گی۔جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان سے معروف امریکی کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل کے گلوبل وائس چیئرمین اور چیف آپریٹنگ آفیسر جون مولرنے  ملاقات کی۔ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ  زبیر گیلانی بھی موجودتھے۔جون مولرنے وزیر اعظم عمران خان کو پراکٹر اینڈ گمیبل کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور پراکٹر اینڈ گیمبل کمپنی کے پاکستان میں مستقبل کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی۔ جون مولرنے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 30سال سے پراکٹر اینڈ گیمبل کمپنی پاکستان میں منافع بخش کاروباری سرگرمیاں سر انجام دے رہی ہے جس کو مزید وسعت دی جائے گی،کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پراکٹر اینڈ گیمبل سوشل سیکٹر میں بھی اپنا  بھرپورکردار ادا کر رہی ہے ان میں کلین اینڈ گرین پاکستان  اور صحت و صفائی کے شعبے میں پاک صاف پاکستان نمایاں  پروگرام ہیں۔    وزیر اعظم نے پراکٹر اینڈ گیمبل کی منافع بخش کاروباری سرگرمیوں اور کمپنی کی جانب سے ان میں مزید وسعت لانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ برآمدات کی غرض سے پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات کے ضمن میں خصوصی رعایات دی جا رہی ہیں،22کروڑ کی آبادی پر مشتمل  ایک بڑی صارف مارکیٹ، ملک کا محل و قوع،  ارزاں لیبر  اور حکومت کے کاروبار موافق قوانین و ضوابط  سرمایہ کاری اورکارباری سرگرمیوں کو  مزیدوسعت دینے کیلئے نہایت موزوں ماحول فراہم کرتے ہیں جن کا سرمایہ کاروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ملاقات

مزید :

صفحہ اول -