عوام کو سہولیات فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحا ت میں شامل ہے، شوکت یوسفزئی
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی عوام کو ان کی دہلیز پر ممکن بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے شانگلہ کے لوگوں کو بہترین علاج کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بشام کو کٹیگری ڈی سے کٹیگری سی میں اپگریڈ کر دیا گیا ہے صوبائی حکومت صرف وعدوں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بشام کو کٹیگری ڈی سے کٹیگری سی میں اپگریڈ کرنے کے بعد ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام سے وہی وعدے کیے جائیں گے جو پورے کر سکیں صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے عوام کو بیوقوف نہیں بنانا چاہیے غریب عوام کو مفت صحت کی سہولیات دینے کے لیے صوبے کے تمام خاندانوں میں بلا کسی تفریق کے صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام منصوبے لوگوں کی فلاح اور بہتری کے لیے شروع کیے ہیں صوبے کے تمام ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنا رہے ہیں تاکہ بڑے ہسپتالوں پر رش کم ہو شانگلہ کے عوام سے کیے گئے سارے وعدے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی فائدے کے لیے حکمران عوامی منصوبے جان بوجھ کر تاخیر کا شکار کیا کرتے تھے تاکہ ان پر عوام سے بار بار ووٹ لیا جائے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پچھلی حکومتوں کے نامکمل منصوبوں کو بھی عملی جامہ پہنایا۔ شنگ میں ہسپتال بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے خصوصی درخواست کر رہے ہیں عوام سے وہی وعدے کیے جائیں گے اور وہی منصوبے شروع کیے جائیں گے جن کو پورا بھی کر سکیں۔