پی آئی اے نے لاہور میں بو ئنگ 777طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کر دیا

پی آئی اے نے لاہور میں بو ئنگ 777طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کر دیا
پی آئی اے نے لاہور میں بو ئنگ 777طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کر دیا

  

لاہور(ڈیلی  پاکستان آن لائن)پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز نے اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے لاہور میں بو ئنگ 777طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں پہلے بوئنگ(اے پی۔بی ایچ وی)777پر چیک”اے“مکمل کر دیا جو مقررہ گھنٹوں کی پرواز کے بعد ضروری مینٹینینس کا عمل مکمل ہونے پر قابل پرواز ہو گیااورسول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس کی منظوری بھی دے دی ہے، اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی میں دستیاب تھی۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں اس سہولت کے آغاز سے پی آئی اے کی تکنیکی خود کفالت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔اس سے نہ صرف اضافی اخراجات کی بچت ہو گی بلکہ پروازوں کے شیڈول میں آسانی اور مسافروں کو بروقت روانگی کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ لاہور میں انجینئرنگ کی سہولت کا قیام پی آئی اے کے بزنس پلان کا حصہ ہے،اس سے اضافی آمدنی کے حصول اورنقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی،اس کے علاوہ دوسری ائیر لائنوں کو یہ سہولت فراہم کر نے سے آمدنی میں اضافہ ممکن ہو گا۔ ائیر مارشل ارشد ملک نے چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی اورانجینئرنگ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لئے طیاروں کے کیبن اور نشستوں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختصروقت میں شعبہ انجینئرنگ کی کار کردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور خاص طور پر پی آئی اے انجینئرنگ نے طویل عرصے سے ناکارہ پڑے دو طیاروں کو کارآمد بنا کر ایک مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کارکنوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری اور کام سے لگن ائیر لائن کی بحالی کی جانب ایک قدم ہے۔یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں 320اے طیاروں کے چیک ”اے“کی سہولت کا آغاز ہو چکا ہے جو پہلے صرف کراچی میں ہوا کرتے تھے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -