نا اہل حکومت نے ملک کو ترقی کے بجائے مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا:سراج الحق

 نا اہل حکومت نے ملک کو ترقی کے بجائے مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا:سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دوسال بعد بھی حکومتی گاڑی جہاں تھی وہیں کھڑی ہے۔نااہل حکومت نے ملک کو آگے لے جانے کی بجائے مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔حکمرانوں نے اپنے لئے ایسے مسائل پیدا کرلئے ہیں کہ اب انہیں عوام کی نہیں اپنی فکر پڑی ہوئی ہے۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود ان کے ایجنڈے میں نہیں۔وزیر اعظم اور موجودہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہے نہ ہی ان کے پاس مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے۔ قوم چاہتی ہے کہ ملک میں آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی ہو، لیکن یہاں عدالتوں میں بھی انصاف نہیں ملتا، عدالتوں کے دروازے سونے کی چابی سے کھلتے ہیں۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام رْل گئے ہیں، آٹا، چینی، پٹرول اور ضرورت کی دوسری چیزیں مہنگی کرکے حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ ملک میں مہنگائی کا سونامی ہے اور اس سونامی نے سب سے زیادہ عام آدمی کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔وکلاء کے نمائندے بار رومز کو ظلم اور لاقانونیت کے خلاف استعمال کریں۔ باقی ادارے کھل گئے اب حکومت کے پاس ایس اوپیز کے تحت تعلیمی اداروں کو نہ کھولنے کا کیا جواز ہے۔اسلام کی دعوت و تبلیغ کیلئے تبلیغی جماعت کے شب جمعہ پر سے بھی پابندی ختم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں اسلامک لائرز مومنٹ خیبر پختونخوا کے ضلعی اور تحصیل بارز ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے عہدیداروں کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان، اسلامک لائرز مومنٹ کے مرکزی صدر خان افضل خان ایڈووکیٹ، خیبر پختونخوا بارز ایسوسی ایشنز انتخابات میں کامیاب امیدواروں سمیت ملتان کے بار الیکشن میں کامیاب ہونے والے عہدیدار بھی شریک تھے۔ 
سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -