ہم نے فٹیف کے نام پر کالا قانون نافذ کرنے کی حکومتی سازش پکڑ لی:احسن اقبال

ہم نے فٹیف کے نام پر کالا قانون نافذ کرنے کی حکومتی سازش پکڑ لی:احسن اقبال

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ میڈیا نے پی ٹی آئی کی کردار کشی یا احتساب نہیں کیا جو ن لیگ کا کیا گیا،دھرنے یا ٹانگیں نہیں کھینچیں جو مذہبی کارڈ کھیل کر گھناؤنا کھیل کھیلا گیا ہمارے خلاف دھرنے دئیے، بتائیں پی ٹی آئی کو کس نے کام کرنے سے روکا اگر ہمیں پانچ سال موقع ملتا تو ملک کی معیشت بہتر ہو جاتی۔ماڈک ٹاون لاہور میں عطاء تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے قومی معیشت کو 7فیصد گرایااس کا حساب کون دے گا۔ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے۔ ایک منصوبہ نہیں لگایا اب ہمارے پانچ ہزار ارب کے راوی لاہور پروجیکٹ کا افتتاح کیا گیا، بتائیں اتنے پیسے کہاں سے آئے۔بجلی گیس مہنگی تنخواہیں کم کرکے فیل گڈ بیٹر نہیں کرسکتے۔گندم اور آٹے کا بحران کس کی نالائقی اور کس کی کرپشن ہے۔چینی کی قیمت سو روپے کس کی ملی بھگت سے ہو رہی ہے، ن لیگ باون روپے فی کلو چھوڑ کر گئی تھی۔اگر آپ کو حکومت چلانی نہیں آتی یا تیاری نہیں تھی تو صرف دھاندلی سازش سے وزیر اعظم بننے کا شوق تھا۔عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا شوق عوام کو مہنگا پڑا ہے۔نوجوانوں سے مستقبل کی امید چھین لی ہے کیونکہ معیشت کا پہیہ بند ہو گیاہے۔سرمایہ کار حکومت کی پالیسی پر اعتماد نہیں کر رہے۔اپوزیشن نے فیٹف پر این آر او مانگا تھا آپ کو اس پر شرم آنی چاہیے۔فیٹف پر حکومت کی چوری پکڑی ہے فیٹف پر ملک پر ڈکٹیٹرشپ لانا چاہتے تھے۔کسی کاروبار بینکر کسی سول سوسائٹی کے لوگوں کو کاغذ کی پرچی پر جھوٹی رسید پر مسنگ پرسن کرسکتے تھے، اس لئے آپ نے کالے قانون کو واپس لیا۔ہم فیٹف کے لبادے میں گھناؤنی سازش کو بے نقاب کیا ہے۔کالے قانون پر حکومت کی چوری کو پکڑاہے اس پر ان کی چیخیں نکلی ہوئی ہیں،سازش ناکام ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن قوم کے بنیادی حقوق کا مقدمہ لڑے گی اگر عمران خان نے اپنا فاشزم نافذ کیا تو گلگت سے کراچی تک سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے۔عمران خان سے حکومت نہیں چلتی تو خدارا حکومت چھوڑو۔حکومت ٹیکس کی وصولی پر وہیں کھڑی جہاں سے ن لیگ چھوڑ کر گئی۔کتنی دیر کرپشن کا رونا روئیں گے کرپشن کے کے ٹو آپ کی حکومت میں کھڑے کئے گئے۔نیب کی ہوا کا پتہ چلے گا جب شوگر مافیا پر ہاتھ ڈالا جائیگا۔جس دن نیب بی آر ٹی پر پی ٹی آئی کو پکڑے گی تو پھر کہیں گے نیب نے ہواؤں کا رخ بدلا ہے۔نیب سیاسی انجینئرنگ کاادارہ بن چکی ہے۔ دو ہزار ارب کرپشن ختم کرنے بجلی گیس آٹا و چینی سستی ہونے والا وعدہ قوم کے گلے کا پھندہ بن چکا ہے۔

احسن اقبال

مزید :

صفحہ آخر -