مسئلہ کشمیر پر خاموشی کوئی آپشن نہیں،عالمی برادری نوٹس لے،انڈیا علاقائی بدمعاش کا کردار ترک کرے:مہاتیر محمد،مقبوضہ وادی میں ظلم،انصافیوں کے خلاف بولنے پر مشکور ہیں:عمران خان

مسئلہ کشمیر پر خاموشی کوئی آپشن نہیں،عالمی برادری نوٹس لے،انڈیا علاقائی ...

  

 کوالالمپور، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملائیشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کا کہنا ہے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانیت کیلئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ کھڑا ہوا تھا۔ مسئلہ کشمیر پر خاموش رہنا آپشن نہیں، عالمی برادری نوٹس لے۔ بھارت کو چاہیے وہ علاقائی بدمعاش کا کردار چھوڑ کر ایک ملک کی طرح سامنے آئے۔کوالالمپور میں یوم یکجہتی کشمیر کے عنوان سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمدکا کہنا تھا بین الاقوامی دنیا کی طرف سے ممکنہ رد عمل سے آگاہ ہونے کے باوجود بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے بولنے کا انتخاب کیا تھا۔ میرے ذہن میں خاموش رہنا کوئی آپشن نہیں۔ کشمیری سخت فوجی محاصرے میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کی حالت زار کا نوٹس لے۔ ملائیشیا نے انسانیت کیلئے آواز اٹھانے کو ترجیح دی اور مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بولنے پر پام آئل کی بر آمد پر پابندی کی صورت میں معاشی قیمت چکا ئی۔ میں نہیں جانتا ناانصافیوں کیخلاف آواز اٹھانے پر اتنی بڑی قیمت اٹھانا پڑتی ہے۔ میں نے اقوام متحدہ پر بھارت کیخلاف جو کہا اس پر کبھی معافی نہیں مانگوں گا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں وہی کر رہا ہے جو اسرائیل فلسطین میں کررہا ہے، اسرائیل نے فلسطین میں دہشتگردانہ حربوں اور قتل عام کے ذریعہ فلسطینیوں کو دبایا، ملائیشیا مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی حربوں کے استعمال کی مذمت کرتا ہے۔مہاتیر محمد کا مزیدکہنا تھا بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کیساتھ مل بیٹھنا چاہیے، مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو مد نظر رکھ کر حل کیا جاسکتا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر چڑھائی کرکے اس پر فوجی قبضہ کر رکھا ہے، مودی سرکاراور نئی دلی کو سمجھنا چاہیے ہم انکے منصوبوں کو جانتے ہیں، ہم مسلسل نئی دہلی کے ظالمانہ اقدامات کیخلاف بو لتے رہیں گے۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے پر ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد سے اظہار تشکر کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جبرکیخلاف بولنے پرمہاتیربن محمد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مقبوضہ وادی میں غیرقانونی بھارتی اقدامات کا سال مکمل ہو گیا، مہاتیر محمد نے کشمیریوں کی حمایت کی۔

مہاتیر،عمران

مزید :

صفحہ اول -