مانچسٹر ٹیسٹ، انگلینڈ نے پاکستان کو 3وکٹ سے شکست دے دی
مانچسٹر(مانیٹرنگ ڈیسک)میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹ سے شکست دے دی۔مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہوئی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کیلئے 277 رنز کا ہدف ملاتھا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔انگلینڈ کو پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔پاکستان نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز سے دوبارہ شروع کی اور آخری دو وکٹوں نے 32 قیمتی رنز جوڑے۔دن کے آغاز میں ہی یاسر شاہ نے جارحانہ اننگز کھیلی لیکن 158 رنز پر 33 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہو گئے۔ نسیم شاہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عباس 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں اسٹیورٹ براڈ نے 3، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر اور ڈوم بیس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب روری برنس اور ڈوم سبلے نے شروع کیا تاہم 22 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔قبل ازیں مانچسٹر ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے شان مسعود کے شاندار 156 رنز اور بابراعظم کے 69 رنز کی بدولت 326 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور اس طرح پاکستان کو انگلینڈ پر پہلی اننگز میں 107 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہوں، ووکس اور بٹلر کی پارٹنر شپ ہم سے میچ دور لے گئی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ فتح کا کریڈٹ کرس ووکس اور بٹلر کی شراکت کو دینا ہوگا، ایسی اننگز بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔تیسری اننگز میں بھی بیٹنگ آسان نہ تھی لیکن ہم بڑا اسکور بناسکتے تھے تاہم 277 کا ہدف بھی کافی تھا،میچ میں زیادہ ہمارا پلڑا بھاری رہا،کپتانی دیکھنے میں آسان لگتی ہے، ہمیشہ کپتان پرالزام نہیں لگانا چاہیے، جہاں تک ذمہ داری کی بات ہے میں لینے کے لیے تیار ہوں۔دوسری جانب پریس کانفرنس میں میزبان ٹیم کے کپتان جوئے روٹ کا کہنا تھا کہ جوز بٹلر نے ذہنی پختگی کا مظاہرہ کیا، میچ میں جوغلطیاں ہوئیں ان کو آئندہ میچز میں بہتر کریں گے۔
اظہر علی
مانچسٹر ٹیسٹ