فیصل آباد کا کبڈی کی ترقی میں اہم کردار ہے،آصف چوہدری

 فیصل آباد کا کبڈی کی ترقی میں اہم کردار ہے،آصف چوہدری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 فیصل آباد (سٹی رپورٹر )   کبڈی پنجاب کا روایتی اور مقبول ترین کھیل ہے جس کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کے پر امن تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے فیصل آباد کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری ہوم آصف چوہدری نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں کبڈی ریفری اینڈ کوچنگ کورس۔2020کے پوزیشن ہولڈرمیں میڈل اور سر  ٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے انہوں نے کہا کہ یہ بات فیصل آباد کے لوگوں کیلئے باعث فخر ہے کہ قومی کبڈی ٹیم کے 16میں سے 14کھلاڑیوں کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی طرف سے کبڈی کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔ فیصل آباد چیمبر کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ کبڈی کے کھیل کو سائنسی بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے یہاں کبڈی سٹیڈیم ضروری ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم سے پہلے ہی اس کیلئے بھر پور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو خطوط بھی لکھے گئے ہیں جبکہ وہ ذاتی طور پر اس کیس کی خود پیروی بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبا بتدریج ختم ہو رہی ہے اور توقع ہے کہ اس بیماری کے خاتمے کے بعد فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری یہاں بین الاقوامی کبڈی ٹورنامنٹ بھی کرائے گا۔ اس سے قبل کبڈی بارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین محمد طیب گیلانی نے بتایا کہ جشن آزادی کبڈی سریز کے سلسلہ میں چار میچ کرائیں جائیں گے۔ چودہ اگست کو پہلا میچ 56ج۔ب جیالہ،دوسرا میچ 16اگست کو چک نمبر 209، تیسرا میچ 18اگست کو 75ر۔ب  میں کھیلا جائے گا۔
 جبکہ چوتھا اور آخری میچ 20اگست کو 52ج۔ب ملاں پور میں ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ بھی 8نومبر کو کھیلا جائے گا۔
 جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ کبڈی ٹورنامنٹ کے سلسلہ میں میچ ضلع فیصل آباد کی پانچوں تحصیلوں میں اکتوبر سے دسمبر کے درمیان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی سی آئی کبڈی لیگ 23سے 25دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کبڈی کے فروغ کیلئے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں کی کوششوں کو بھی سراہا۔ آخر میں ایڈیشنل سیکرٹری ہوم پنجاب نے کبڈی بارے ریفری اینڈ کوچنگ کورس کے پوزیشن ہولڈر میں میڈل اور سر  ٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔ اس کورس میں عبدالحکیم نے پہلی، فضل حق گجر نے دوسری جبکہ ماسٹر سلامت علی اور محمد ارشاد نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس ایونٹ میں کبڈی کے انٹر نیشنل کھلاڑی اور ورلڈ کپ کے ہیر و ملک بنیامین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ آخر میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی محمد طیب گیلانی نے شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔