مذہب ومسلک کے نام پرفساد پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے: نورالحق قادری 

  مذہب ومسلک کے نام پرفساد پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے: نورالحق ...

  

اسلام آباد(آ ن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاہے ملک میں کسی صورت مذہب اور مسلک کے نام پر فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی،پاکستان میں عراق،شام اور لیبیا جیسے حالات پیدا کرنے کی سازشیں کی گئی تاہم انہیں ناکام بنا دیا گیا،پیغام پاکستان کے بیانیے سے ملک مضبوط ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام عشق رسولؐ اور اتحاد امت کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا خطاب میں مزید کہنا تھا اتحاد امت کانفرنس کا انعقاد اچھا اقدام تسلسل جاری رہنا چاہئے، موجودہ حالات میں اتحاد، اتفاق وقت کی ضرورت ہے اور تمام مسالک کو متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے، علماء کرام نے ہمیشہ اتحاد و بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہمیں ملکر اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ کانفرنس میں علامہ عارف حسین واحدی، مولانا ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا ضیا اللہ شاہ بخاری، مفتی گلزارِ نعیمی ودیگر علماکرام نے شرکت کی،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی گلزار نعیمی نے کہا بغیر عشقِ رسول ؐایک مسلمان کا ایمان مکمل ہوتاہے نہ ہی اعمال کی کوئی اہمیت۔ بدقسمتی سے آج ہم فرقوں میں تقسیم ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے امت روز بروز کمزور ہو رہی ہے، استعماری طاقتیں مسلمانوں کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ اسرائیل فلسطین میں ظلم کر رہا ہے لبنان کا واقعہ چھوٹا نہیں موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہو نا ہو گا،کانفرنس سے خطاب میں مولانا ضیا اللہ شاہ بخاری نے کہانبی کریم ؐ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے نمونہ حیات ہے، ہم سب متحد اور فرقہ واریت کیخلاف ہیں، علامہ عارف حسین واحدی کا کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا محرم الحرام سے پہلے اتحاد امت کانفرنس اچھا اقدام ہے ہمیں اختلاف کے بجائے اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ ہم متحد ہو کر استعمار کی سازشوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ ہمیں دنیا کے ہر مظلوم کا ساتھ دینا چاہیے۔ پیغام پاکستان قومی بیانیہ بن چکا ہے۔ کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہمیں اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا،ایک ساز ش کے تحت ہمیں آپس میں لڑانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

نور الحق قادری

مزید :

پشاورصفحہ آخر -