شوکت یوسفزئی کی شہید عابدالرحمان کیلئے انکے گھر والوں سے فاتحہ خوانی

 شوکت یوسفزئی کی شہید عابدالرحمان کیلئے انکے گھر والوں سے فاتحہ خوانی

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی گزشتہ روز بشام کنڈ میں شہید عابدالرحمان کی فاتحہ خوانی کے لیے ان کے گھر گئے اور ان کے والد سے ملاقات اور اظہار تعزیت کیا۔ شہید عابدالرحمان گزشتہ روز آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گئے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر نائب صدر حاجی سدیدالرحمان ضلعی صدر وقار احمد خان، ضلعی زکوٰۃ چیئرمین سید الابرار اور دیگر پارٹی رہنما بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ شوکت یوسفزئی نے شہید کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے دفاع اور سلامتی کے لیے شہید عابدالرحمان نے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا پاکستان کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہمارے جوان شہادت کو سینے سے لگا رہے ہیں ان ہی کی قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان محفوظ ہے۔ شہید کے والد کو حوصلہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کے بیٹے پر قوم کو فخر ہے ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں بھارت اور مودی سرکار ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم کر رہا ہے لوگوں کو گھروں میں محصور کیا ہؤا ہے تو دوسری طرف وہ آزاد کشمیر میں نہتے عوام پر گولہ باری کر رہا ہے اور آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے جو جنگ بندی قوانین کے بھی خلاف ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت اور مودی سرکار تلملا اٹھے ہیں بھارت کو کوئی پالیسی نظر نہیں آرہی بھارت اور مودی سرکار کے چین سے بھی تعلقات خراب ہیں اور بارڈر پر بھی حالات جنگ پیدا کیے ہوئے ہیں بھارت خطے کے امن کو تباہ و بر باد کرنا چاہتا ہے خطے کے حالات اگر خراب ہوئے تو ساری ذمہ داری بھارت پر ہو گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کو شکست دی ہے قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے۔شوکت یوسفزئی کچھ دیر شہید عابدالرحمان کی رہائش گاہ پر ان کے والد کے ساتھ رہے اور شہید کی روح کے ایثال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائیں مانگیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -