کورونا ختم، خیبر پختونخوا میں کاروبار کی بندش باعث تشویش، مقصودانور
پشاور(سٹی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے وفاقی حکومت کی جانب سے تمام کاروبار‘ مارکیٹس اور بازار کھولنے کے لئے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے سمیت ہفتہ اور اتوار کو بھی دکانیں کھلی رکھنے کے واضح احکامات کے باوجود پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں کاروبار کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب میں دکانیں کھلی رکھنے کی نوٹیفیکیشن کے باوجود خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے تاحال نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کو پشاور کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ سراسر زیادتی قرار دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دکانیں کھلے رکھنے اور کاروبار کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کی مختلف تاجر تنظیموں کے وفود سے چیمبر ہاؤس میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اسد عمر اور پھر حماد اظہر نے واضح طور پر اعلان کیا کہ حکومت نے کاروبار کھولنے سمیت زندگی کے دیگر شعبوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے اور ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے بعد فوری طور پر کاروبار کھولنے چاہئے تھے لیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا جس کی وجہ سے تاجر اور کاروباری افراد کاروبار کرنے اور دکانیں کھولنے یا نہ کھولنے کی کنفیوزیشن میں مبتلا ہیں۔ سرحد چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے وفد کو بتایا کہ انہوں نے صوبائی حکومت کے اعلیٰ افسران سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا ہے اور انہیں کاروباری طبقے کی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب اسلام آباد انتظامیہ اور پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کاروبار کھولنے کے نوٹیفیکیشن جاری ہو رہے ہیں تو پھر خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور میں دکانیں کھولنے اور کاروبار کرنے کی اجازت دینے کے حوالے سے نوٹیفکیشن کے اجراء میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری تذبذب کا شکار ہے کہ صرف اس صوبے میں ہی کیوں کاروبار بند رکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان‘ وفاقی وزیر اسد عمر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت صوبائی چیف سیکرٹری اور متعلقہ سیکرٹریز اور انتظامی افسران سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تمام کاروبار‘ مارکیٹس اور بازار سابقہ اوقات کار کے مطابق کھولنے اور ہفتہ اور اتوار کو بھی کاروبار جاری رکھنے کے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے تاکہ تاجروں اور دکانداروں سمیت عوام کو بھی سہولیات میسر آئیں۔