پہلی سہ ماہی کیلئے 27محکموں کو 25فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کردیئے:تیمور جھگڑا

پہلی سہ ماہی کیلئے 27محکموں کو 25فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کردیئے:تیمور جھگڑا

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے محکمہ خزانہ نے پہلی سہ ماہی کے لیے 27 محکموں کو 25 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کر دیئے۔ محکمہ خزانہ کے مراسلہ کے مطابق صحت، تعلیم، ماحولیات، زراعت سمیت مختلف محکموں کے لیے کل 17 ارب 20 کروڑ جاری کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ صوبے میں مالیات حسابات کا احسن اور جراتمندانہ طریقہ سے استعمال اور انتظام کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی کے لیے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا مقصد محکموں کو مالی سال کے دوران بہتر طریقہ سے اخراجات کر سکنے کی ترغیب دینا ہے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ معاشی طور پر چیلنجز کے باوجود وسائل کا بہترین انتظام اور اقتصادی ڈسپلن کی بدولت اس طرح کے دلیرانہ فیصلہ کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ صوبائی محکمہ خزانہ کی جانب سے پہلی سہ ماہی کے لیے 25 فیصد ترقیاتی فنڈز کے اجراء کے لیے جاری مراسلہ کے مطابق سڑکوں کی تعمیر کے لیے 2 ارب 60 کروڑ 66 لاکھ، پانی کے منصوبوں کے لیے 2 ارب 15 کروڑ، تعلیم کے لئے19 کروڑ 48 لاکھ اور صحت کے شعبہ سے متعلق منصوبوں کے لیے 14 کروڑ 30 لاکھ کے فنڈز جاری کیے جائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -