بارش میں انسانی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے،محمد حسین محنتی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کراچی سمیت ملک بھرمیں حالیہ مون سون کی بارشوں میں قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پردلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اورنکاسی آب کے لیے ٹھوس وسنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے آج ایک بیان میں بارش متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پیشگی اطلاعات کے باوجود حالیہ بارش میں بھی عوام اذیت کا شکار اورصوبائی وشہری حکومتوں کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگر انتظامی سستی وغفلت کی وجہ سے یہ عوام کے لیے زحمت بن جاتی ہے۔جب کراچی جیسے بڑے اورصوبائی دارالخلافہ میں یہ صورتحال ہے تو پھرصوبہ کے باقی شہروں میں عوام کس کربناک صورتحال سے دوچار ہوں گے۔صوبائی امیرنے جماعت اسلامی کے کارکنوں اورالخدمت کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ بارش متاثرہ لوگوں کی ہرممکن مدد کریں۔