مسجد اللہ کا گھر ہے اس کا احترام ہم پر فرض ہے،شرمناک حرکت پر سخت سزا دی جائے،شہباز گل نے مسجد میں گانے کی شوٹنگ پر سزا کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے اداکارہ صباقمر کو جھوٹی قراردیدیااور مطالبہ کیا ہے کہ مسجد اللہ کا گھر ہے اس کااحترام ہم پر فرض ہے،شرمناک حرکت پر سخت سزا دی جائے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں اداکارہ کی مسجد میں شوٹنگ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہاکہ فنکار اور ادیب معاشرے میں اخلاقیات کو پروان چڑھاتے ہیں ،ہمارے توچندفنکار بھی دیدہ دلیری سے جھوٹ بولتے ہیں۔شہبازگل نے کہاکہ یہ محترمہ فرما رہی ہیں کہ صرف نکاح کاسین شوٹ کیاتھا،مسجد کی بے توقیری کسی صورت قبول نہیں ۔
انہوں نے کہاکہ آپکو خیال کرنا چاہئے تھا۔اور اب آپ اور صبا صاحبہ اس پر جھوٹی وضاحتیں فرما رہے ہیں، آپ نے بالکل غلط کیا اور اس پر آپکو غلط وضاحتیں نہیں دینے چاہئیں۔
معاون خصوصی نے کہاکہ مسجد وزیرخان لاہور میں پچھلے سالوں سے شادیوں کے فوٹو شوٹ سے بات شروع ہو کر اب میوزک ویڈیوز تک جا پہنچی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسجد اللہ کا گھر ہے اس کااحترام ہم پر فرض ہے۔مسجد فوٹو شوٹ کے لیے نہیں بلکہ اللہ کی عبادت اور سماجی بہبود کے کاموں کے لیے استعمال ہونی چاہیے۔شرمناک حرکت پر سخت سزا دی جائے۔