عمران خان سے زیادہ کراچی کا دکھ کوئی محسوس نہیں کرسکتا:گورنر سندھ عمران اسماعیل
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں پارکس کوکاٹ کاٹ کر پلازے بنائے گئے مگر پارکس کی لئے مختص جگہوں پر اب صرف پارک بنیں گے،وزیراعظم عمران خان سے زیادہ کراچی کادکھ کوئی محسوس نہیں کرسکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ آج ملک بھر میں ٹائیگرز ڈے منایا گیا جس میں شجرکاری مہم چلائی گئی۔گورنرسندھ نے اعلان کیا کہ پارک میں 13ہزار پودے لگائے جائیں گے، کراچی میں پارکس کوکاٹ کاٹ کر پلازے بنائے گئے مگر پارکس کی لئے مختص جگہوں پر اب صرف پارک بنیں گے۔گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم سے موسمیاتی تبدیلی کیاثرمیں کمی آئیگی، تمام ممبران اپنے علاقوں میں پارکس کاخیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کاحال دیکھ کر دل روتا ہے عمران خان سے زیادہ کراچی کادکھ کوئی محسوس نہیں کرسکتا ،وزیر اعظم نے اپنی توانائی کی ٹیم کراچی بھیجی ہے۔
بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل کی صدارت میں حیسکو اور سیپکو کے اضلاع میں بجلی کی صورتحال کے سلسلے میں اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب،معاون خصوصی وزیر اعظم شہزاد قاسم، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سمیت حیسکو اور سیپکو کے سربراہ بھی موجود تھے۔اجلاس میں گورنر سندھ نے حیسکو اور سیپکو کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو اور سیپکو کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،بجلی کی فراہمی سے متعلق منتخب نمائندوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جانا ضروری ہے،جلد وفاقی وزیر توانائی کے ساتھ حیسکو اور سیپکو کے اضلاع کا دورہ کروں گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو بجلی کی مسلسل فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی،اراکین اسمبلی نے کہا کہان دونوں کمپنیوں کے اضلاع میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال نہایت ابتر ہے،کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے،خراب ٹرانسفارمرز اور بجلی کے تاروں کے بار بار ٹوٹنے کی وجہ سے عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔